ضلع ناظم مردان نے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے لئے 4کروڑ 23لاکھ روپے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی منظوری دیدی

منگل 22 اگست 2017 21:17

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اگست2017ء)ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کے زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ضلعی نائب ناظم اسد علی کشمیری ، ڈی ۔او فنانس ظہیرالدین بابر کے علاوہ محکمہ صحت ، پبلک ہیلتھ ، تعلیم، واپڈا، زراعت ، ٹی ایم او اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ضلع ناظم نے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے لئے 4کروڑ 23لاکھ روپے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی منظوری دیدی۔

اجلاس کو ڈی او فنانس نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کے مختلف صحت بنیادی مراکز صحت کے مرمت کیلئے آٹھ لاکھ روپے ، مختلف یونین کونسلوں میں فرش بندی اور نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے 38لاکھ روپے ، مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز ، بجلی پولوں اور تاروں کیلئے 6لاکھ 17ہزار روپے ، مردان کے سماجی اور ثقافتی اصلاحات کیلئے 20 لاکھ روپے ، ستوری د مردان پروگرام کے تحت طلباء و طالبات کے وظائف کیلئے 1کروڑ 20لاکھ روپے، شموزئی، غونڈو، میاں خان سنگھائو، بابوزئی اور کوہی برمول کے واٹر سپلائی سکیموں کی مرمت ، پمپس ، ٹرانسفارمرز اور ریگولیٹر کے خریدنے کیلئے 50لاکھ 60ہزار روپے کی منظوری دے دی گئی ۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں پر جلد سے جلد کام کا آغاز کیا جائے۔ میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے۔ اور تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر اندر پایہء تکمیل تک پہنچا ئے جائیں۔ ان منصوبوں میں کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کی جانب سے کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔