کراچی ، حضرت ابراہیم کی زندگی اللہ سے عشق کی سچی تصویر ہے، قربا نی سنت ابراہیمی ہے، سید عبد الرشید

منگل 22 اگست 2017 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2017ء) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشیدنے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم کی زندگی اللہ سے عشق کی سچی تصویر ہے۔ قربانی نہ صرف سنت ابراہیمی ہے بلکہ ہمارے لئے تحرک کا باعث بھی ہے، چرم قربانی مہم کا مقصد صرف کھالوں کا حصول نہیں بلکہ یہ ہماری دعوت کا بہترین ذریعہ ہے۔ چرم قربانی سے ہونے والی آمدنی سے ہم تعلیم صحت، کاروباری، شادی بیاہ و دیگر شعبوں اور مواقع پر غریب و نادار افراد کی امداد کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد غلبہ دین اور رضائے الہی کا حصول ہے، کارکنان چرم قربانی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔وہ گذری میںجماعت اسلامی ضلع جنوبی کے دفتر اسلامک سینٹر میں چرم قربانی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع ارکان سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری سفیان دلاور سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سید عبد الرشیدنے کہا کہ کیمپ لگانے اورپانی پلانے سے لے کر کھالیں اکھٹا کرنا در اصل دعوت دین ہی کا حصہ ہے،جماعت اسلامی اس نہج پر قائم کی گئی ہے جس پر نبی مہربان ﷺنے تحریک اسلامی کو چلایا، جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد اللہ کے دین کے نفاذ دعوت و تبلیغ اور رضا کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہ ذی الحج ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اگر ہمیں عزیز ترین شے بھی اللہ کے راستے میں دینا پڑے تو اس کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کارکن اللہ کا کارکن ہے اور اس کیلئے بڑے اعزاز اور مرتبے کی بات ہے۔ ہمیں صرف اپنی فکر نہیں کرنی بلکہ تمام انسانوں کی فکر کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چرم قربانی وصولی کا آغاز ہم نے کیا تھا اور آج اس میدان میں سب موجود ہیں ہم نے چرم قربانی کے ذریعے سماجی نیٹ ورک بنائے ہیں، کھالوں کے ذریعے ہم جو امدادی کام کرتے ہیں وہ داعی الی اللہ کا امیج بناتی ہے اور چرم قربانی مہم میں سب سے زیادہ کھالیں جمع ہونا اس بات کاثبوت ہے کہ شہر کراچی کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہیں۔

انہوںنے ذمہ داران کو تاکید کی کہ مہم چرم قربانی کو بھرپور انداز میں تیاری کریں تاکہ اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خلق خدا کی فلاح کا کام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے حضرت ابراہیم کے کردار کو رول ماڈل کے طور پر پیش کیا ہے، سنت ابراہیمی اللہ کے حکم کے آگے بلا جھجک مکمل اطاعت اور بندگی اختیار کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذی الحج کا مہینہ اللہ کے ساتھ عہد کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے، قربانی کے ساتھ ساتھ ہمارے لئے اللہ کے دین کے غلبے کی جدوجہد کا بھی دن ہے جس کا عنوان چرم قربانی مہم ہے۔

اپنی خوشیاں قربان کرکے دکھی انسانیت کے دکھوں کو بانٹنا جماعت اسلامی کا بنیادی ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان چرم قربانی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور گھر گھر جا کر لوگوں کو الخدمت کی فلاحی و رفاعی سرگرمیوں سے آگاہ کریں۔#

متعلقہ عنوان :