مردان کے رہائشیوں کو بروقت میونسپل سروسز کی فراہمی اولین تر جیح ہے،سیدجمال الدین شاہ

منگل 22 اگست 2017 20:20

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء)سیکرٹری بلدیات ودیہی ترقی سیدجمال الدین شاہ نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان (ڈبلیو ایس ایس سی ایم) نے انتہائی قلیل عرصے میں مردان کے رہایشیوں کو بہترین میونسپل سروسز فراہم کی ہیں، جوکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ وہ منگل کے روز ڈبلیو ایس ایس سی ایم دفتر کا دورہ کر رہے تھے۔

اس موقع پرتحصیل میونسپل آفیسر آصف علی خان بھی موجود تھے۔ سیدجمال الدین شاہ نے کہا کہ مردان کے رہائشیوں کو بروقت میونسپل سروسز کی فراہمی اولین تر جیح ہے اور صوبائی حکومت بشمول مردان تمام ڈویژنل کمپنیوں کو مالی اور تکنیکی وسائل فراہم کر رہی ہے، تاکہ عوام کو بہتر میونسپل خدمات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کی طرح نئے مالی سال میں بھی پشاور سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے، تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں۔

ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناصر غفور خان نے کمپنی کی کارکردگی پر انہیںتفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی قیام سے لے کر اب تک مردان میں شہریوں کو مسلسل بہترین میونسپل خدمات فراہم کر رہی ہے۔ ناصر غفور خان نے بتایا کہ کمپنی اس وقت روزانہ کی بنیاد پر اوسطا 120ٹن کچھرا اٹھا رہی ہے، جو کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے وقت میں تقریبا40ٹن تھا۔

انھوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران منیجرٹیکنیکل ادریس خان اور منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبرکی زیر نگرانی ٹیمیں یشکیل دے دی گئی تھیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر کاروائی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے بھاری مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپ ، سکشن مشین اور جیٹنگ مشین استعمال کئے گئے اور مردان بھر سے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنایاگیا۔ انھوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی زیر نگرانی -'زما پاک مردان------'کے تحت اب تک تقریبا22ہزارٹن کچھرا اٹھایا جا چکا ہے اور تقریباً 72 کلومیٹر نالیوں کی صفائی کی جا چکی ہے اور مردان کی مکمل صفائی تک-'زما پاک مردان------'مہم جاری رہے گی۔