محکمہ زراعت ملتان کا پھل کی مکھی کے انسداد کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 22 اگست 2017 16:36

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) محکمہ زراعت کے ماہرین نے کہا ہے کہ پھل کی مکھی پر قابو پانے کے لئے محکمہ زراعت نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور اب انسداد مکھی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اگست سے جاری ہے۔ ماہرین نے کہا کہ پھل کی مکھی کے انسداد کے لئے باغات کی صفائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ گرے ہوئے اور گلے سڑے پھلوں کو تلف کریں۔

جنسی پھندے پھل کی مکھی کی مانیٹرنگ کے لئے استعمال کریں۔ پھل کی مکھی کے پیوپوں کو تلف کرنے کے لئے چار سے پانچ دفعہ گوڈی کریں۔

(جاری ہے)

پختہ چبوتروں پر مکھی سے متاثرہ پھل کو دھوپ میں آٹھ سے نو گھنٹے کے لئے ڈال دیں۔ اس سے پیوپے اور لاروے مر جائیں گے۔ پھل کی مکھی کے متبادل میزبان پودے جیسا کہ امرود کے باغات کے نزدیک کاشت کرنے سے اجتناب کریں۔

زرعی ماہرین نے مزید کہا کہ گرے ہوئے پھلوں کی تلفی پھل کی مکھی کو کنٹرول کرنے کا موثر طریقہ ہے چونکہ مکھی اپنی افزائش نسل پھل کے اندر ہی رہ کر کرتی ہے اور بڑی ہوکر پھل سے زمین میں داخل ہو جاتی ہے اور پیوپے کی شکل میں زمین میں رہتی ہے۔ پھر خول اتار کر پروانے کی صورت میں زمین سے باہر آکر نر مادہ ملاپ کرتے ہیں۔ مادہ مکھی ملاپ کے بعد پھر پھل کے اندر انڈے دیتی ہے اور اپنی افزائش جاری رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :