عیدالاضحیٰ پر فرزندان اسلام کو کانگو مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر اٹک

منگل 22 اگست 2017 16:36

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کافریضہ ادا کرنے والے فرزندان اسلام کو کانگو جیسے خطرناک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں منعقد ہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، چیف افسران ، محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ کانگو بخار انتہائی خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے ۔ یہ بیماری وائرس کے ذریعے پھیلتی ہے جو کہ جانوروں کی جلد پر موجود خاص قسم کے چیچڑوں سے ایک جانور سے دوسرے جانور میں منتقل ہوتی ہے اور پھر ان جانوروںکے ذریعے انسانوں تک پہنچتی ہے اور انسان اس جان لیوا بیمار ی میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کانگو وائرس کا شکار ہونے والوں میں جانور کا مالک ، گوالہ، قصائی ، بیوپاری، ان جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والا ، جانوروں اور انسانوں کا ڈاکٹر شامل ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ کانگو وائرس جسم میں داخل ہونے کے چودہ دن کے بعد اس بیماری کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ابتداء میں معمولی بخار ہوتا ہے، پھٹوں میں درد کی شکایت ، گردن میں درد اور کھچاؤ، شدید کمر درد ، متلی ،قے اور گلے کی سوزش ، پیٹ میں شدید درد اور دست اس بیماری کی ابتدائی علامات ہیں۔

اس کے بعد پیٹ میں درد عموماً دائیں طرف بالائی حصے میں ہوتا ہے، بیماری کے پانچویں دن جگر، گردے اور پھیپھڑوں کافعل متاثر ہوتاہے۔ خون میں پلیٹ لٹس کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے خون جمنے کی صلاحیت کم ہونے لگتی ہے۔ مریض کی جلد کے مساموں خاص کر مسوڑوں ، ناک اور اندرونی اعضاء سے خون خارج ہونے لگتا ہے۔ ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ اس بیماری سے بچاؤ کے لیے جانوروں کے باڑے کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے، باڑے کے کونے کھدروں جہاں چیچڑوں کے پائے جانے کے امکانات ہوں انہیں سیمنٹ لگا کر بند کردیا جائے، باڑے میں داخل ہونے والی جگہوں پر چونا ڈالا جائے، جانوروں کا بغور مشاہدہ کیا جائے اور چیچڑ ہونے کی صورت میں قریبی شفاخانہ سے رابطہ کرکے سپرے کروایا جائے۔

جانوروں کو ذبح کرواتے وقت خصوصی لباس پہنا جائے اور اپنے جسم پر موجود زخموں کو متاثرہ جانور کے خون سے بچائیں۔ چیچڑ زدہ جانور کے گوشت کو تیز آگ پر خوب اچھی طرح پکا کر استعمال کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیا ت نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنروں ، چیف افسران اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ عوام کو اس جان لیوا مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔