ایس ایس یو کمانڈونے باڈی بلڈنگ مقابلوں میں مسٹرکراچی کے لیے دوسری پوزیشن حاصل کرلی

منگل 22 اگست 2017 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء)اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کمانڈوعبداللہ نے کراچی میں منعقد ہونے والے سینئر کلاس اے باڈی بلڈنگ مقابلوں میں مسٹرکراچی ۔2017 میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔مسٹرکراچی ۔2017 کے باڈی بلڈنگ مقابلوں میں 30 باڈی بلڈرز نے حصہ لیا جوگلڈآئرن مین باڈی بلڈنگ اینڈفٹنس جیم لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیا گیا۔

جبکہ 20 باڈی بلڈرز نے جونیئرمقابلوں میں حصہ لیا۔ کمانڈنٹ ایس ایس یو جناب مقصود احمد نے کمانڈو عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کو باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباددی۔اس موقع پر کمانڈنٹ نے کمانڈو عبداللہ خان کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا۔ مقصود احمد نے کہا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو تمام جدید اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے کیونکہ اعلیٰ مہارت، تراکیب اور بہتر جسمانی طاقت کمانڈوز کو خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپورکاروائی کرنے میں مددگارثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے آپریشن کے دوران کمانڈوز کی بہتر جسمانی صحت ہمیشہ مؤثر کرداراداکرتی ہے۔ مقصود احمد نے کہا کہ ایس ایس یو کھیلوں کو فروغ دینے اور کمانڈوز کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کی ٹیموں کی تشکیل پر خصوصی توجہ دے رہاہے۔