پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی اینڈکنٹرول اتھارٹی کاپنجاب بھر میں غیرمعیاری اشیاء خوردونوش بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف آپریشن

درجنو ںفیکٹریاں سیل،سینکڑوں کو جرمانے اور نوٹسز جاری ،غیر معیاری اشیاء خوردونوش تیار کرنے والی فیکٹریوں نے کشمیر کا رخ کرلیا پنجاب حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو باضابطہ آگاہ کردیا

منگل 22 اگست 2017 15:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2017ء) وفاقی وزارت سا ئنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پنجاب کے ذیلی ادارے پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی اینڈکنٹرول اتھارٹی کا پنجاب بھر میں غیرمعیاری گھی،دودھ،منرل واٹر اور اشیاء خوردونوش بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف آپریشن،درجنو ںفیکٹریاں سیل،سینکڑوں کو جرمانے اور نوٹسز جاری کردئیے گئے،پنجاب حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے کہ غیر معیاری اشیاء خوردونوش تیار کرنے والی فیکٹریوں نے کشمیر کا رخ کرلیا ہے،تمام داخلی راستوں پر چیکنگ کا بہترین نظام رائج کیا جائے۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزارت کے احکامات کی روشنی میں ابتدائی طور پر پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے 25سے زائد گھی،منرل واٹر اور دودھ بنانے والی فیکٹریوں کے علاوہ اشیاء خوردونوش تیار کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے حکم پر سخت ترین ایکشن لیا جارہا ہے اور پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول ایکٹ 1996کے تحت اس گھناؤنے جرم میں ملوث فیکٹری مالکان کے خلاف ایکشن ہورہا ہے،غیرمعیاری گھی ، دودھ اور اشیاء خوردنوش تیار کی جارہی ہیں،عوامی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے گا۔

دریں اثناء قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی وزارت سائنٹس اینڈ ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری طارق بشیر چیمہ نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر غیر معیاری اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی ابتداء ہوچکی ہے،انہیں کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا اور اس جرم میں ملوث لوگوں کو سخت ترین سزائیں دلوائی جائیں گی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے آزاد کشمیر حکومت کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دو نمبر گھی،دودھ اور منرل واٹر بنانے والی کمپنیوں نے کشمیر کا رخ کرلیا ہے،ناقص،غیرمعیاری اور زائد المعیاد ایشیائے خوردنوش کو جعل سازی کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے،جعلی لیبل لگائے جارہے ہیں،پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان فیکٹریوں کے خلاف سخت ایکشن ہورہا ہے،متعدد فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ دیگرکو وارننگ اور جرمانے کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور اس صورت میں نہ صرف وفاقی بلکہ صوبائی سطح پر آئندہ چند ہفتوں میں گرینڈ آپریشنز ہوں گے اور جو بھی فیکٹری مالکان اس گھناؤنے جرم میں پائے گئے انہیں ایکٹ1996 کے تحت سنگین سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :