مسلم لیگ (ق) نے 48ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

عید سے قبل لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ،رکاوٹ پیداکرنیوالوںکی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے‘خدیجہ فاروقی

منگل 22 اگست 2017 13:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے لاہور سمیت صوبے بھر میں48ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جولائی کی تنخواہ تاحال ادا نہ کرنے پرپنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار جمع کروانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ محکمہ پرائمری ہیلتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا میکانزم نہ بنا سکا جس کے باعث 48ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کوجولائی کی تنخواہیں ادا نہ کی جاسکیں اور عید سے قبل اگست کی تنخواہ ملنا بھی مشکل ہوگیا ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ ماں بچہ صحت پروگرام کی48ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز جولائی کی تنخواہیں نہ ملنے سے پریشانی کا شکار ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور وہ او ر ان کے اہل خانہ تنخواہ نہ ملنے سے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عید سے قبل لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوںکی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ دلجمعی سے اپنی خدمات سرانجام دے سکیں انہوںنے کہا کہ لیڈی ہلیتھ ورکرز کی تنخواہوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی رپورٹ پنجاب اسمبلی ایوان میں پیش کی جائے اور ایسا طریقہ کار وضح کیا جائے کہ تمام48ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ہر ماہ باقاعدگی سے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوسکے ۔