ماورا حسین نے وکالت کی ڈگری کے لیے سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا

ماورا حسین جہاں کامیاب اداکارہ ہیں، وہیں وہ اپنے تعلیمی کیریئر کو بھی آگے بڑھانا چاہتی ہیں

منگل 22 اگست 2017 11:56

ماورا حسین نے وکالت کی ڈگری کے لیے سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء)پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماورا حسین نے وکالت کی ڈگری کے لیے سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا۔خیال رہے کہ ماورا حسین نے وکالت کے لیے ایل ایل بی کے پروگرام میں 2014 میں داخلہ لیا تھا، تاہم اداکاری سمیت دیگر مصروفیات کے باعث وہ تعلیم کو مکمل نہیں کر پائیں تھیں۔ایل ایل بی کو مکمل نہ کرپانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ماووا حسین نے رواں برس فروری میں ہر حال میں وکالت کا امتحان پاس کرنے کا عزم کیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں ماورا حسین نے بتایا کہ وہ رواں برس مئی تک مکمل طور پر ایل ایل بی کے امتحانات کی تیاری کریں گی۔اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پاکستانی اخبار میں شائع ہونے کے لیے تیار اشتہار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے ایل ایل بی سال دوئم کا امتحان پاس کرلیا۔

(جاری ہے)

شیئر کی گئی تصویر میں ماورا حسین کا کارڈ دیکھا جاسکتا ہے، جس میں اداکارہ کے نام سمیت 3 میرٹس اور (دوسرا سال) پڑھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے اس کامیابی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ کام اپنی والدہ کے خواب کو مکمل کرنے کے لیے کیا۔ماورا حسین کا کہنا تھا کہ ’ان کی والدہ کا خواب تھا کہ وہ وکالت کی تعلیم حاصل کریں، انہوں نے کامیابی پر اپنے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ ماروا حسین نے اس سے قبل بھی لندن یونیورسٹی سے وکالت کا ڈپلومہ حاصل کر رکھا ہے، جب کہ انہوں نے 6 ماہ تک میڈیسن کی تعلیم بھی حاصل کی، مگر اسے بھی برقرار نہ رکھ سکیں۔

ماورا حسین جہاں کامیاب اداکارہ ہیں، وہیں وہ اپنے تعلیمی کیریئر کو بھی آگے بڑھانا چاہتی ہیں، انہوں نے فیشن ڈزائنگ میں بھی خصوصی تربیت لے رکھی ہے۔ماورہ حسین متعدد معروف ٹی وی ڈراموں سمیت 2016 میں بولی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ میں بھی ڈیبیو کر چکی ہیں، جب کہ وہ پاکستانی ٹیلی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔