مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں اختلافات شدت اختیار کرنے لگے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 اگست 2017 11:18

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں اختلافات شدت اختیار کرنے لگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اگست 2017ء) : مسلم لیگ ن کے اندر اختلافات میں شدت اختیار ہوتی چلی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے بعد پارٹی کے کئی رہنما اور صوبائی وزرا نواز شریف سے ناراض ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ خانیوال سے مسلم لیگ نواز کے اراکین قومی اسمبلی رضا حیات ہراج اور رحیم یار خان سے خسرو بختیار وفاقی وزارت نہ ملنے پر پارٹی قیادت سے نالاں ہیں۔

انہیں وزیر مملکت بنانے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ دونوں رہنما 2013ء کے انتخابات میں بطورآزاد اُمیدوار منتخب ہوئے تھے۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ۔ خسرو بختیار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے چلے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فیصل آباد سے ڈاکٹر نثار جٹ ، میاں فاروق اور رجب علی بلوچ بھی پارٹی قیادت سے بے حد ناراض ہیں۔

ڈاکٹر نثار جٹ کی ناراضگی کی وجہ صوبائی وزیر قانون راںا ثنا اللہ کے ساتھ اختلافات ہیں۔ ڈاکٹر نثار جٹ اس وقت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں۔ میاں فاروق بیٹے کے چئیرمین ضلع کونسل نہ بننے پر مستعفی ہو گئے تھے۔ اسی طرح لیگی رہنما صاحبزادہ نذیر سلطان اور غلام محمد لالی نبھی ناراض ارکان کی صف میں شامل ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب کابینہ کے چار وزرا جن میں عطا مانیکا ، ڈاکٹر فرخ جاوید، یاور زمان اور آصف بھا کو بھی تحفظات ہیں ۔

عطا مانیکا نے گذشتہ ماہ وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ لیکن حمزہ شہباز نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔البتہ ایک ماہ گزر جانے کے باوجود ان کے تحفظات دور نہیں کیے جا سکے۔ ڈاکٹر فرخ زمان سے زراعت ، یاور زمان سے آبپاشی اور آصف بھا سے جنگلات ے محکمے واپس لے لیے گئے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آصف بھا ایک ایسے وزیر ہیں جنہیں سوا چار سال کے بعد بھی سرکاری رہائش نہیں دی گئی اور وہ ایم پی اے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ن لیگ نے اپنے رہنماؤں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی شکایات دور نہ کیں تو 2018ء کے انتخابات سے قبل ناراض رہنما پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :