نواز شریف سے شہباز شریف کی 24گھنٹے میں 4بارملاقات

قانونی ماہرین کا سابق وزیراعظم کو ٹکراؤکی حکمت عملی ترک کرنے کا مشورہ

منگل 22 اگست 2017 11:13

نواز شریف سے شہباز شریف کی 24گھنٹے میں 4بارملاقات
لاہور( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22اگست2017ء) : سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے قانونی وسیاسی گرداب میں پھنسنے پرگزشتہ 24گھنٹوں میں چارباروزیراعلی پنجاب شریف نے ملاقات کی،وہ گزشتہ کئی روزسے سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کررہے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہےکہ نوازشریف نیب مقدمات اور سیاسی حالات کی وجہ سےآئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے مشاورت کررہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آئینی ماہرین نےانہیں مشورہ دیا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کے بعد انہیں ٹکراؤکی حکمت عملی ترک کرنی چاہے،ٹکراؤکی سیاست سے انہیں نقصان ہوسکتا ہے ، اس لئے وہ خاموشی سے وقت گزاریں اوراپنی پارٹی پرتوجہ دیں ۔ ذرائع نے بتایا ہےکہ وہ نیب میں پیش ہونے کے حوالے سے قانونی ماہرین کے مشورہ پرعمل پیرا ہیں تاہم وہ نیب مقدمات پراپنی حکمت عملی کے حوالے سے شہبازشریف سے مشاورت کررہے ہیں اس مشکل وقت میں وہ اپنے صاحبزادوں حسین نوازاورحسن نواز کے معاملات سے الگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزیرآباد میں جلسہ بھی ان ماہرین کے مشورہ کی روشنی میں منسوخ کیا گیا تاہم سیاسی رہنماؤں نے انہیں تجویزدی کہ ہلکا پھلکا اپنا موقف ضرورجاری کریں تاکہ سیاسی طورپران کی پوزیشن کمزورنہ ہو۔