سندھ ٹوئرزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرزنے ماضی میں کی گئی تمام تقرریاں اور پروموشنز کو غیر قانونی قرار دے کر رد کرنے کا فیصلہ کر لیا

پیر 21 اگست 2017 23:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) صوبائی محکمہء سیاحت کے ذیلی ادارے، سندھ ٹوئرزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایس ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر بورڈ کی منظوری کے بغیر ماضی میں کی گئی تمام تقرریاں اور پروموشنز کو غیر قانونی قرار دے کر رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ محکمہء ثقافت، سیاحت و نوادرات کے صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں بورڈ ممبران سیکریٹری کلچر اکبر لغاری، سیکریٹری فنانس کے نمائندہ اسپیشل سیکریٹری سید شہاب الدین، ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ امان اللہ انڈسٹریلسٹ قاسم سومرو، ایم ڈی ایس ٹی ڈی سی روشن قناصرو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی ایس ٹی ڈی سی نے بتایا کہ ایس ٹی ڈی سی 23 سال پہلے 1994ء میں تشکیل دیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے اس ادارے کو غیر فعال ہی رکھا گیا اور آج 23 سالوں میں یہ دوسرا اجلاس ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا اجلاس 2008ء میں ہوا تھا جس کے بعد کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ پہلے اجلاس کے وقت موجودہ ڈائریکٹرز میں سے کوئی بھی اس اجلاس کا حصہ نہیں تھا لہٰذا پہلے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق نہیں کی جا سکتی۔ ایم ڈی ایس ٹی ڈی سی نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ ایس ٹی ڈی سی کے پاس فی الوقت 16 ادارے ہیں جن میں کینجھر رزوٹ ٹھٹھہ، ہالیجی موٹیل ٹھٹھہ، شاہجہان ریسٹورنٹ ٹھٹھہ، لعل شہباز موٹیل سیہون، کائی موٹیل سیہون، لکی شاہ صدر موٹیل سیہون، ہوٹل سمبارا ان لاڑکانہ، موہین جو دڑو موٹیل، گڑھی خدابخش موٹیل، پیراڈائیز پوائنٹ موٹیل کراچی، مارئی موٹیل مٹھی، روپلو کولھی رزوٹ ننگرپارکر، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور کراچی میں ٹوئرسٹ انفارمیشن سینٹر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چھ ادارے زیر تعمیر ہیں جن میں منچھر جھیل موٹیل، جامشورو میں پکنک پوائنٹ، بدین میں نریڑی جھیل موٹیل، سانگھڑ میں کلانگر جھیل، رنی کوٹ ریزاٹ جامشورو اور ننگرپارکر میں کارونجھر پر ساردھڑو پکنک پوائنٹ شامل ہیں۔ اس پر صوبائی ویر سید سردار علی شاہ جو کہ ایس ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں نے ایم ڈی سے کہا کہ وہ زیرے تعمیر اداروں کو فوری طور پر مکمل کروالیں تاکہ جلد از جلد سیاحوں کو یہ سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :