عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

پیر 21 اگست 2017 23:55

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ عوام کو صاف پانی کی دستیابی سے بڑھ کرکوئی نعمت فراہم نہیں کی جاسکتی اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی. ڈپٹی کمشنر آفس میں تمام میونسپل کمیٹیز کے چیئرمین، چیف آفیسران ، ایکسین پبلک ہیلتھ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں حکومت پنجاب کے پروگرام "صاف پانی سب کے لئی" کے تحت لگائے جانے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی بارے تفصیلی رپورٹس فراہم کی جائے جبکہ چیئرمین اپنی میونسپل کمیٹیز میں فنکشنل اور نان فنکشنل پلانٹس کی نشاندہی کریں ۔

انہوں نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی صادق آباد کی نشاندہی پر صادق آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش بارے رپورٹ فراہم کریں تاکہ متعلقہ فرم کے خلاف انکوائری کی جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن کی بندش اور مناسب انداز میں کام نہ کرنے بارے عوامی کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ اور لوکل گورنمنٹ ہفتہ وار رپورٹ فراہم کریں جبکہ ان تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے وزٹ کئے جائیں گے۔ایکسین پبلک ہیلتھ محمد اختر عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صادق آباد میں 7، رحیم یار خان میں 1جبکہ لیاقت پور میں 5واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے تھے متعلقہ فرم مقررہ مدت تک ان کو فنکشنل رکھنے کی ذمہ دار ہے بندش کے حامل پلانٹس کی فوری رپورٹ حاصل کر کے انہیں فنکشنل کرایا جائے گا۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے میونسپل کمیٹیز کے مابین اثاثہ جات کی منتقلی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی خانپور اور ظاہر پیر حکومتی قواعد و ضوابط کے تحت آبادی کے تناسب سے آپس میں اثاثہ جات کی منتقلی یقینی بنائیں جبکہ دیگر میونسپل کمیٹیز بھی انہیں ہدایات کی پیروی کریں۔

متعلقہ عنوان :