کٹڑوں /بچھڑوں کو ابتدائی عمر میں ذبح کرنے سے روکنے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے سبسڈی سے گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے، چودھری محمد اکرام

پیر 21 اگست 2017 23:55

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء)رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیف کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے کٹڑوں /بچھڑوں کو ابتدائی عمر میں ذبح کرنے کی روک تھام کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی سے گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے ‘ کٹڑے کو بچانے سے ساڑھے چھ ہزار روپے نقد شاندار اسکیم ہے جبکہ 12سے 16ماہ کے کٹڑے کو مزید 4ماہ مزید پال کرمزیدامدادی رقم دی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک سیالکوٹ کے زیر اہتمام ایڈیشنل ڈائریکٹرر لائیو سٹاک کے آفس میں کٹڑا بھینس بچاؤ اسکیم کے رجسٹرڈ کسانوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک پُروقار اور سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سیالکوٹ ڈاکٹر خلیل احمد نے کہاکہ لائیوسٹاک ضلع سیالکوٹ گوشت کی پیداوار بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے صوبہ پنجاب میں تقریباً چھ سے سات ملین کٹڑے اور بچھڑے موجود ہیں جن کو اگر فربہ کرنے کی اسکیم میں شامل کیا جائے تو پنجاب میں گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ جب یہ کٹڑے بچھڑے ایک سے تین ہفتے کی عمر کو پہنچتے ہیں تو ان کو چھوٹی عمرذبح کر دیا جاتا ہے جب کہ ان میں سے کچھ کٹڑے محدود اور غیر معیاری خوراک کی وجہ سے صرف ساٹھ سے اسی کلو تک وزن حاصل کر پاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر کٹڑوں کو ابتدائی عمر میں زبح کرنے سے بچایا جائے اور ان کو فربہ کرنے کے لئے معیاری اور متوازن خوراک (توڑی اور ونڈہ) دی جائے توفی کس جانور 250 سے 300 کلو تک وزن حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس طرح کرنے سے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ بیف کی پیداوار میں دوگنا اضافہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں لائیوسٹاک کی پیداوار صرف ایک ضلع تک محدود نہیں بلکہ یہ پورے پنجاب میں پھیلی ہوئی ہے، زیادہ تر فارم چھوٹے ردجے کے ہیں جن میں سے 10 فیصد فارم ایسے ہیں جہاں گائے اور بھینسوں کی تعداد 10 سے 20 جانور فی فارم ہیں اور صرف 5 فیصد فارم ایسے ہیں جہاں 20سے زیادہ جانورموجود ہیں اور ان فارمز کے مالکان قابل اور کاروباری سوچ رکھتے ہیں جوکہ لائیو سٹاک کی بہتر پیداوار کے لئے جدید طریقہ کار اپناتے ہیں جو کہ ان کے لئے نفع بخش ہوں۔

انہوں کہا کہ اس کٹڑا بچاؤ اسکیم کا بنیادی مقصد پنجاب میں بیف کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے کٹڑوں /بچھڑوں کو ابتدائی عمر میں ذبح کرنے کی روک تھام اور لائیو سٹاک فارمز کو کٹڑے بچھڑے فربہ کرنے کے لئے ابھارناہے۔ڈائریکٹر ایڈیشنل لائیو سٹاک نے بتا یا کہ جانوروں میںچچڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام لائیوسٹاک کی اقتصادی ترقی اور صحت عامہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ پنجاب کی زیر نگرانی اینٹی ٹک / اینٹی کانگو مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت لاکھوں بھینسوں، گائیوں، بھیڑ بکریوں کا چچڑ مار ادویات(اکایری سایڈز) سے علاج کیا گیا ہے۔

جو کہ ڈیری فارمنگ میں ٹک کنٹرول کا موثرطریقہ کار ہے۔ ان ادویات کے استعمال سے ماحول اور جانوروں سے ٹکس(چچڑیوں) کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے موقع پر محکمہ لائیوسٹاک نے ایک میگا اینٹی ٹک / اینٹی کانگو فیور مہم کا آغازکردیا گیا ہے اس مہم کے تحت ضلع سیالکوٹ میںمویشی منڈیوں اور دیگر داخلی و خارجی راستوں پر بنائی جانے والی چیک پوسٹ پرلائے جانے والے جانوروں پر چچڑ مار ادویات(اکایری سایڈز) سپرے کیا جارہا ہے جبکہ ضلع میں قائم کئے جانے والے جانوروں کی خرید و فروخت کے پانچوں سیل پوائنٹس پر فری ڈسپنسریوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر کانگو وائرسپرے پوائنٹ بنائے گئے ہیں ۔