گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میںریڈیو پاکستان کے اشتراک سے یوم آزادی کے سلسلہ میں کوئز پروگرام کا انعقاد

پیر 21 اگست 2017 23:55

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور ریڈیو پاکستان(سیالکوٹ اسٹیشن) اشتراک سے پاکستان کی 70سالہ یوم آزادی کے سلسلہ میں کوئز پروگرام کا انعقاد۔ اسٹیشن ڈائریکٹرریڈیو پاکستان سیالکوٹ احمد رضا چیمہ نے وفد کو ریڈیو پاکستان کے تاریخی پس منظر اورقومی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ریڈیو پاکستان نے جنگ ستمبر1965ء میں دفاع پاکستان کیلئے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنے میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور ملی نغموں اور قومی ترانوں کی دھنوں نے پوری قوم میں ایک ولولہ اور محب الوطنی کو اجاگر کیاجسے تاریخ پاکستان میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پولٹیکل سائنس ڈاکٹر حمیرا ڈار نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان پوری قوم کی آواز بنا اس نے معاشرے میں وطن سے محبت ، قومی بھائی چارے ، اتفاق اور اتحاد کو فروغ دینے میں اہم کردار کیا جس کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کی ثقافتی، نفسیاتی یلغار کا ریڈیو پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اورازلی دشمن بھارت کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور حالت امن اور جنگ دونوں میں قوم کو حقائق سے باخبر رکھا۔

ذہنی آزمائش کے مقابلہ میں تین ٹیموں نے حصہ لیا جسے سخت مقابلہ کے بعد شعبہ اردو کی ٹیم نے جیت لیا اس موقع پرطالبہ عائشہ بانو اور سدرة المنتہٰی نے ملی نغمے پیش کئے ۔ پروگرام کے آخر میں اسٹیشن ڈائریکٹر احمد رضا چیمہ نے کوئز اور ملی نغموں کے مقابلہ میں حصہ لینے والے طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں جبکہ جی سی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر حمیرا ڈار نے ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :