صوبائی وزیر بلدیات کی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوجامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت

پیر 21 اگست 2017 23:55

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو برقرار رکھنے اورقربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات سے تعفن پھیلنے سے روکنے کیلئے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جامع پلان مرتب کرے جبکہ قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹ شہر سے باہر منتقل کئے جائیں اور شہری علاقوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن اقدامات کرے۔

یہ بات انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے دوران موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ قربانی کے جانوروں کیلئے قائم کئے جانے والے سیل پوائنٹس پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ ٹریفک اور لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز اور ضلعی پولیس اپنی ڈیوٹیاں بخوبی احسن انجام دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کی نماز کیلئے عیدگاہوں صفائی کی جائے اور عید گاہوں ، مساجد اور امام بارگاہوں کو جانے والے راستوں کی صفائی کی جائے اور چونا کاری کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ قبرستانوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات کو بروقت لفٹ کرکے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خصوصی اقدامات کرے اور عید کے تینوں دنوں کے علاوہ چوتھے دن بھی آپریشن جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ عید کے تینوں روز ایس ڈبلیو ایم سی کے ہیلپ لائن آن رکھی جائے اور شہریوںکی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ فرائض میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے افسران اور ملازمین کے خالف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کہ قبرستان امام علی الحق ؒ اور شاہ مونگا والا قبرستان کے اندر راستوں میں ٹف ٹائیلز لگانے کے منصوبے پر کام شروع کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :