شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ایم ایس کے دو سیمینار ز کاانعقاد

پیر 21 اگست 2017 23:53

سکھر۔ 21اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ زولاجی کے زیرِ اہتمام ایم ایس کے دو سیمینار ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن کی صدارت میں منعقد ہوئے۔ دونوں سیمینارز ڈاکٹرحاکم علی سہتوکی رہنمائی اور ڈاکٹر عبدالمنان شیخ کی شریک رہنمائی میں پیش کئے گئے۔ ایم ایس کا پہلا سیمینار محققہ فوزیہ سومرو نے فصلوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کا تجزیہ کے عنوان پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تحقیق تعلقہ کوٹ ڈیجی کے گائوں چھوڈھاہوں کی زرعی زمینوں پر کی ہے اور ان زرعی زمینوں میں اگائی جانے والی فصلوں میں پائے جانے والے کیڑوں کا شعبہ انٹامالاجی کی لیبارٹری میں تجزیہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملی بگ فصلوں سبزیوں اور پھلوں کو شدیدنقصان پہنچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسرا سیمینار محققہ رخسانہ نے سرسوں کی فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کا تجزیہ کے عنوان پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیق ربیع کے موسم 2015-2016میں کی گئی ہے۔ جبکہ اس موسم میں فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کا لیبارٹری میں تجزیہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرسوں کی فصل کو لگنے والے کیڑے فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ دونوں محققین نے اپنے سیمینار نہایت محنت سے پیش کیئے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ ان محققین کی تحقیق مستقبل میں آنے والے محققین کی رہنمائی کرے گی۔ ڈاکٹر عبدالمنان شیخ سربراہ شعبہ زولاجی اور ڈاکٹر حاکم علی سہتو نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محققین کے کام کو سراہا۔سیمینارز میں ڈاکٹر واحد بخش جتوئی، ڈاکٹر جاوید احمد اجن ، اساتذہ، محققین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔