شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سینیٹ کے پہلے اجلاس کے پہلے ہی دن ایوان میں پہنچ گئے

حکومتی و اپوزیشن ارکان کا وزیراعظم کا پرجوش استقبال ، چیئرمین سینیٹ اور قائد حزب اختلاف نے بھی خوش آمدید کہا توقع ہے وزیراعظم جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،امید ہے انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا، وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت پر شکرگذار ہیں ، رضاربانی اور اعتزاز احسن کا اظہار خیال ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ سینیٹ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائوں گا ،ایوان بالا کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کروں گا،ریکوڈک سمیت تمام امور پر حکومت کا موقف ایوان میں پیش کرنے کو تیار ہوں، وزیراعظم کا ایوان بالا میں خطاب

پیر 21 اگست 2017 23:53

شاہد خاقان عباسی  وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سینیٹ کے پہلے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سینیٹ کے پہلے اجلاس کے پہلے ہی دن ایوان میں پہنچ گئے، حکومتی و اپوزیشن کے ارکان نے شاہد خاقان عباسی کا پرجوش استقبال کیا،چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے وزیراعظم کوسینیٹ اجلاس میں شرکت پر خوش آمدیدکہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا،چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ سینیٹ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائوں گا اور ایوان بالا کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کروں گا،ریکوڈک سمیت تمام امور پر حکومت کا موقف ایوان میں پیش کرنے کو تیار ہوں۔

(جاری ہے)

پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار سینیٹ اجلاس میں شریک ہوئے تو ایوان میں موجود ارکان نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ ڈیسک بجا کرشاہد خاقان عباسی کو خوش آمدید کہا گیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان کی جانب سے وزیراعظم کو سینیٹ اجلاس میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ آپ جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،اجلاس میں شرکت پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی توجہ رول 61 کی طرف دلاتے ہیں جو عوامی اہمیت کے مفاد کے معاملات پر وزیراعظم کے جواب سے متعلق ہے جس میں وزیراعظم کو ہفتے میں ایک دفعہ ایوان میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے پر تحریک التواء ایجنڈے میں آرہی ہے اس پر امید ہے کہ وزیراعظم ان کیمرہ بریفنگ دیں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ ایوان بالا کے اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان نے ریکوڈک کے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے‘ کسی بھی معاملے پر اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنا کردار اور اپنی خدمات پیش کریں گے۔ ایوان نے ریکوڈک کے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے‘ کسی بھی معاملے پر اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنا کردار اور اپنی خدمات پیش کریں گے،۔

قبل ازیں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایوان بالا آمد پر انہیں خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سینیٹ کا پہلا اجلاس ہے اور پہلے اجلاس کے پہلے دن وزیراعظم ایوان میں آکریہ پیغام دیا کہ وہ روایت شکن ہیں،امید ہے کہ وزیراعظم اپنے عزم پر استقامت کا مظاہرہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ اس ایوان کا وقار ہی اس وجہ سے بنتا ہے کہ قائد ایوان کی نشست پر وزیراعظم خود بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا آئین اور قانون میں ایک منفرد مقام ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ایوان بالا کے اجلاسوں میں شرکت کرکے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کریں گے۔