ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت

ضلع میں ڈینگی کے خلاف انسدادی اقدامات کو مزیدوسیع کردیا گیا

پیر 21 اگست 2017 23:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ڈینگی کے خلاف انسدادی اقدامات کو مزیدوسیع کردیا جائے اس سلسلے میں اضافی وسائل بروئے کارلاتے ہوئے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا مکمل صفایا کریں تاکہ اس وباء کے پھیلنے کا اندیشہ باقی نہ رہے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔

سی ای او(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی)ڈاکٹر ظفر عباس،ڈسٹرکٹ کورآرڈینیٹر برائے ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد اور محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کی وباء کے تناظر میں انسدادی وحفاظتی اقدامات کو بروئے کار لائیں اور شہریوں میں بھی احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عملدرآمد کا احساس اجاگرکریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی کہ ان ڈور اورآئوٹ ڈور سرویلنس کے دوران ڈینگی لاروا کی پیدائش،افزائش کی کوئی جگہ نظروں سے اوجھل نہیں ہونی چاہیے۔اس ضمن میں آنکھیں کھلی رکھیں اور لاروا کے انسداد کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹائرشاپس،کباڑخانوںِ،نرسریوںِ،کیاریوں،واٹر باڈیز،ائیر کولرز اور دیگر مقامات کو تسلسل کے ساتھ چیک کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران کانگو وائرس کی روک تھام کے لئے محکمہ لائیوسٹاک کے اقدامات کاجائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں موثر ترین انتظامی وطبی اقدامات کئے جائیں اور ضلع کی حدود میں قربانی کا کوئی جانور بغیر کلیئرنس داخل نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کانگو وائرس سے بچنے کے لئے شہریوں میں ضروری آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل نے کانگووائرس کی روک تھام اور مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے عارضی چیک پوسٹوں اور سیل پوائنٹس پر سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :