ڈٖینگی وائرس میں مبتلا لوگوں میں سے کافی لوگ صحت یاب ہوکر ہسپتالوں سے واپس گھروں کو چلے گئے ہیں ۔شہرام تراکئی

پیر 21 اگست 2017 23:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے آج پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام اور صوبائی حکومت شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ڈینگی وائرس کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وائرس پر جلد از جلد قابو پانے اورعوام کو اس وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔

سینئر وزیر صحت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دوسرے صوبوں کی نسبت ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کاخدشہ بہت کم ہے ،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی،فیصل آباد،لاہورودیگر شہروں میں ڈینگی وائرس نے جتنا نقصان کیا تھا اتنا خیبر پختونخو ا میں نہیں ہوا ۔اسی سلسلے میں صوبائی حکومت عوام کو بھی خبردار کرتی ہے کہ کسی بھی جگہ اگر پانی کھڑا ہے اس کو فوری طور پر ختم کریں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ہیلتھ یونٹس اور ہیلتھ موبائلز بھی اپنا کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو ختم کرنے کے لئے طلباء اور ولنٹئیرز کوبھی ساتھ کھڑا ہونا ہوگا تاکہ اس سلسلے میںآگاہی مہم چلائی جاسکے اور کم سے کم وقت میں عوام کو احتیاطی تدابیر سکھائی جاسکیں۔شہرام ترکئی نے مزید کہا کہ تمام مساجد کے علماء کرام کو بھی اس مہم میں شریک کیا جائے گا جو لائوڈسپیکرز پر عوام کو دن میں کئی بار ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر بتائینگے اوراس کے لئے مساجد کے علماء سے تفصیلی بات کی جائے گی اور اس میں پمپلٹس تقسیم کیے جائیںگے تاکہ وہ اسی مناسبت سے عام لوگوں کو آگاہی فراہم کرسکیں ۔

سینئر وزیر صحت نے پریس کانفرس میں یہ بھی کہا کہ ہسپتالوں میں ڈٖینگی وائرس میں مبتلا لوگوں میں سے بہت سے لوگ صحت یاب ہوکرواپس اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں فنڈز کی کمی نہیں ۔اس سلسلے میں جتنے بھی فنڈز درکار ہوں گے صوبائی حکومت فراہم کرے گی لیکن اس وائرس کو مکمل طور پر ختم کرکے ہی دم لینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کوشش ہے کہ عوا م کو صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں اور اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری ر ہیں گی ۔سینئر وزیر نے ڈی سی پشاور کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں معلومات اکٹھی کر کے میڈیا کو دیں۔