راولپنڈی، ’’ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنزفوڈ سٹینڈرڈ یگولیشنز 2017‘‘ کو ایجوکیشن مافیا نے نظر انداز کر دیا

چیکنگ کے لئے آنے والی اتھارٹی ٹیموں پر اداروں کے دروازے بند،ٹیموں کو گیٹ پر روک کر سکول کی ٹک شاپس پر موجود سٹاک غائب کردیا

پیر 21 اگست 2017 23:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء)ایجوکیشن مافیا نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں کاربونیٹڈ اور انرجی ڈرنکس پر پابندی کے لئے نافذ العمل ’’ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنزفوڈ سٹینڈرڈ یگولیشنز 2017‘‘کو ہوا میں اڑاتے ہوئے مبینہ طور پرچیکنگ کے لئے آنے والی اتھارٹی ٹیموں پر اداروں کے دروازے بند کر دیئے ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام ڈویژنل پبلک سکول سمیت متعدد بڑے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے اتھارٹی کی ٹیموں کو گیٹ پر روک کر سکول کی ٹک شاپس پر موجود سٹاک غائب کر دیااطلاعات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر ارشد کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ضلعی ٹیم پیر کے روز ڈویژنل پبلک سکول شمس آباد گئی جہاں پر انہیں سکیورٹی عملہ نے اجازت کے نام پر20منٹ تک گیٹ پر روکے رکھا بعد ازاں ٹیم میں شامل تمام عملے کے شناختی کارڈ گیٹ پر جمع کر کے انہیں اندر جانے کی اجازت دی گئی ذرائع کے مطابق اس دوران سکول کی کیٹین سے کاربونیٹڈ اور انرجی ڈرنکس مکمل طور پر غائب کر دیئے گئے تاہم اس دوران کینٹین کی چیکنگ پر غیر معیاری خوردنی تیل اور کیچپ برآمد ہونے پر سکول انتظامیہ کو5ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ وارننگ نوٹس جاری کر دیااسی طرح عرشی مسجد روڈ پر واقع بیکن ہائوس سکول انتظامیہ نے بھی پہلے ٹیم کو اند رہی نہ جانے دیا بعد ازاں کافی دیر گیٹ پر روکنے کے بعد صرف ڈپٹی ڈائریکٹر کو اندر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ ایسی ہی صورت حال کا سامنا حشمت علی اسلامیہ کالج ،جامعہ سکول، نیو صدیق پبلک سکول کے دورے کے موقع پر بھی کرنا پڑا جہاں پرسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے عدم تعاون دیکھنے میں آیا اس دوران تعلیمی اداروں کی کینٹین اور ٹک شاپس سے ہر طرح کی ڈرنکس غائب کر دی گئیں جبکہ بعض اداروں کی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے ہاں کوئی کینٹین ہی نہیں ہے تاہم اس ضمن میں رابطہ کرنے پر فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر ارشد نے آن لائن کو بتایا کہ اتھرٹی کی ٹیم کو اداروں کے گیٹ پر روکنے کا تاثر غلط ہے البتہ انتظامیہ سے داخلے کی اجازت کی وجہ سے کچھ دیر تک ہماری ٹیم کو انتظار کرنا پڑا انہوں نے کہا کہ جن اداروں میں چیکنگ کی گئی وہاں کسی جگہ بھی کاربونیٹڈ و انرجی ڈرنکس کا کوئی سٹاک نہیں ملا جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے پہلے ہی تعلیمی اداروں میں وارننگ جاری کر رکھی تھی اور پیر کے روز جن اداروں میں چیکنگ کی گئی انہیں ایک بار پھر سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے فوڈ اتھارٹی سے تعاون کریں انہوں نے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول کی چیکنگ کے دوران کینٹین میں چپس بنانے کے لئے غیر معیاری کوکنگ آئل اور مضر صحت کیچپ پر انتظامیہ کو 5ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے ڈویژنل پبلک سکول ایک نیم سرکاری ادارہ ہے جو براہ راست ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ہے یہ بھی یاد رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کے اندر اور 100میٹر کی حدود میں ہر طرح کی کاربونیٹڈ و انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کے لئے ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنزفوڈ سٹینڈرڈ یگولیشنز 2017 جاری کر رکھا ہے جورواں ماہ 14اگست سے نافذ العمل ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی نے پیر کے روز سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور اکیڈمیوں میں سرپرائز چیکنگ کا آغاز کیا ہے۔