تحصیل ممبر یونین کونسل بھوگڑ منگ زاہد عزیز خان کا بھوگڑ منگ کی ویلج کونسل بکی کا دورہ

پیر 21 اگست 2017 23:37

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) تحصیل ممبر یونین کونسل بھوگڑ منگ زاہد عزیز خان نے یونین کونسل بھوگڑ منگ کی ویلج کونسل بکی کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ناظم قاری گوہر امان اور ان کے ساتھ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما عبدالوحید خان سواتی بھی تھے اور انہوں نے نلہ چونتری، ندھاڑ پکھا، قمر علی چھم میں عمائدین علاقہ سے ملاقاتیں اور مختلف مقامات پر تعزیتیں کیں۔

جہانزیب کونسلر کے والد اور راج ولی کے بھائی، چیئرمین ویلج بشیر کی پھوپھی اور حاجی نواب، حاجی موسیٰ کے بھائی اور لیاقت کونسلر کے بہنوئی اور قاسم، عبدالرزاق کے چچا، میر عالم کے بھائی اور والد اور پلوئی میں مسعود کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا اور مختلف مقامات کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھوگڑ منگ کی کوئی بھی ویلج کونسل نہیں رہے گی جس میں ترقیاتی کام نہ ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ بھوگڑمنگ کی عوام کی محرومیوںکا ازالہ ہو، ہم اپنی یونین کونسل میں بلاتفریق عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر اشرف نے کہا کہ ہم زاہد خان اور قاری گوہر امان کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے مسائل کو حل کیا اور کر رہے ہیں اور وہ اسی طرح اپنی خدمات جاری و ساری رکھیں گے کہ وہ وقت دور نہیں کہ ہمارا علاقہ ترقیاتی علاقوں میں شامل ہو جائے گا۔