جے یو آئی تعصب اور قومیت کے بت توڑ دے گی، یہ جماعت تمام اقوام کا خوبصورت گلدستہ ہے، مولانا سید ہدایت الله شاہ

پیر 21 اگست 2017 23:37

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام تعصب، لسانیت اور قومیت کے بت توڑ دے گی، جمعیت علماء اسلام تمام اقوام کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ بلاتفریق عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے، اس وقت مانسہرہ شہر کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے، ہمارے منتخب نمائندے غفلت کی نیند سو رہے ہیں، اس وقت مانسہرہ کی عوام کی زرعی زمین سی پیک میں آ رہی ہیں، اس کا معاوضہ کوڑی کے برابر ہے، ضلع مانسہرہ کی عوام کی جو زرعی زمین سی پیک میں آرہی ہے اس کامعاوضہ موجودہ ریٹ کے مطابق دیا جائے۔

وہ جمعیت علماء اسلام ضلعی سیکرٹریٹ میں ضلعی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کا ایجنڈا جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے جنرل سیکرٹری سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی کفایت الله نے پیش کیا۔ اجلاس میں شاہ جہان خان ایڈووکیٹ، حاجی ملک شاہد خان، مولانا مومن خان عثمانی، مفتی آصف، قاضی اورنگزیب، ممبر ضلع کونسل ملک نوید، مولانا عبدالسلام، فیاض سلہریا، مولانا سعید الله، مولانا ڈاکٹر سعید عبدالله، قاری عبدالمالک، عارف حسین شاہ ترمذی، مفتی عارف شاہ، فیاض کونسلر، سعید صابر، قاری عبید الرحمن قریشی، عطاء الله، مولانا مسعود الرحمن، محمد افضل، سجاد حسین شاہ، قاضی حبیب الرحمن، بھائی رفاقت اور دیگر مجلس عمومی کے اراکین نے اظہار خیال کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام کے یونٹوںکو پولنگ سٹیشن تک قائم کرنے ہے۔ مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے، جمعیت علماء اسلام نے اپنے دور میں ضلع مانسہرہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جس کی مثال پیش نہیں کر سکتے۔ جمعیت علماء اسلام حضرت مولانا غلام غوث ہزاروی ؒ کے مشن کی امین ہے، جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلام نظام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، جب میں ملک میں اسلامی شقوںکے خلاف کوئی بات آئی تو جمعیت علماء اسلام نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے 62,63 پر دوٹوک مؤقف اختیار کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے نزدیک آئین میں اسلامی شقیں مقدم ہیں، جب اسلامی شقوں پر آنچ آئے گی تو پھر ہماری دوستی کسی سے نہیں ہے، ہماری دوستی بھی الله کیلئے ہے اور ہماری دشمنی بھی الله کیلئے ہے، جب بھی اسلامی آئین پر آنچ آتی ہے تو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ڈنکے کی چوٹ پر مخالفت کر کے یہ ثابت کر دیتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام اسلامی آئین کی شقوں کی حفاظت کریںگی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی مدارس کی امین جماعت ہے، جب بھی دینی حلقوں پر مشکل وقت آیا ہے تو جمعیت علماء اسلام دینی حلقوں کی پشت پر کھڑی ہوتی ہے۔