شاہد خاقان نے وزارت عظمیٰ کا عہد ہ سنبھالنے کی21روز میں وزیراعظم آفس کی رونقیں بحال کردیں

وزیراعظم آفس کو ماضی کی نسبت زیادہ اجلاسوں سے آباد کر دیا،روزانہ اوسطاً12گھنٹے کام ، ا ب تک 70سے زائد ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں، وفاقی کابینہ ، سلامتی کمیٹی سمیت کئی اہم اجلاسوں کی صدارت ، آئندہ دنوں میںپنجاب ، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دورے بھی شیڈول ، (آج ) وفاقی کابینہ کے مسلسل تیسرے اجلاس کی بھی صدارت کرینگے

پیر 21 اگست 2017 23:25

شاہد خاقان نے وزارت عظمیٰ کا عہد ہ سنبھالنے کی21روز میں وزیراعظم آفس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد 21روز میں وزیراعظم آفس کی رونقیں بحال کردیں اوروزیراعظم آفس کو ماضی کی نسبت زیادہ اجلاسوں سے آباد کر دیا، شاہد خاقان عباسی بطور وزیراعظم 70سے زائد ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کر چکے ہیں جبکہ وزیراعظم صبح 9سے رات9بجے تک دفتری امور سرانجام دیتے ہیں ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد 21روز میں نہ صرف اسلام آباد بلکہ سندھ اور کوئٹہ میں بھی اہم اجلاسوں کی صدارت کی جبکہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے شیڈول میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا دورہ بھی ہے جہاں وہ اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے جس کے بعد وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان بھی جائیں گے ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وفاقی کابینہ کے دو اجلاسوں کی صدارت کر چکے ہیں جبکہ آج (منگل ) کو وہ کابینہ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ وزیراعظم نے ماضی کی روایت بدلتے ہوئے وفاقی کابینہ کا اجلاس ہر منگل کو منعقد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے ہونے والا کابینہ کا اجلاس رات پونے 12بجے تک جاری رہا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مختلف وزارتوں میں ٹیکنیکل نکات کے بھی ماہر ہیں ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے اپنی وزارتوں کے سیکرٹریز کی جانب سے عدم تیاری کی بناء پر ان کی سرزنش بھی کی تھی ۔وزیراعظم اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سمیت انتہائی اہم اجلاسوں کی صدارت کر چکے ہیں ۔