نوازشریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ بیشتر مرتبہ امداد اور بچائو بندوں کی مرمت کے لیے فنڈز کا وعدہ کیا لیکن ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوا ، قائم علی شاہ

پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے وفاق کے جھوٹے دلاسوں کے باوجود صوبے کی عوام کو سیلاب کے پانی سے بچایا ہم نے پاکستان کا پہلا اسپیشل اکنامک زون خیرپور میں قائم کرکے زرعی میدان میں انقلاب پیدا کیا ہے ، نویں کھجور نمائش اور سیمینار کے افتتاح سے خطاب

پیر 21 اگست 2017 23:22

نوازشریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ بیشتر مرتبہ امداد اور بچائو ..
خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے سندھ کے عوام اور سیلاب متاثرین کے ساتھ بیشتر مرتبہ امداد اور بچائو بندوں کی مرمت کے لیے فنڈز کا وعدہ کیا لیکن ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوا نوازشریف نے سندھ واسیوں سے دھوکا کیا ، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے وفاق کے چھوٹے دلاسوں کے باوجود صوبے کی عوام کو سیلاب کے پانی سے بچایا اور حفاظتی بندوں کو مضبوط کیا ہم نے پاکستان کا پہلا اسپیشل اکنامک زون خیرپور میں قائم کرکے زرعی میدان میں انقلاب پیدا کیا ہے جس سے خیرپور کے آبادگاروں اور صوبے کی عوام کو فائدہ حاصل ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوروزہ نویں کھجور نمائش اور سیمینار کے افتتاح کے بعد سچل آڈیٹویم ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ٹشو کلچر کی طرف بڑھنے والے رجحان کے سبب خیرپور کے آبادگاروں کو کوبھی ٹشو کلچر اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ ویلیو ایڈیشن اور معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ آفیسر سچائی اور کارکردگی دکھائیں تو یہ کام مزید بہتر ہوسکتا ہے خیرپورمیں جلد کھجورکے کارخانے لگائے جائیں گے اور اسپیشل اکنامک زون میں پیکنگ کے پلانٹ لگائے جائیں گے تاکہ یہاں کی کھجور بیرون ممالک ایکسپورٹ کی جاسکے اور بہتر زرمبادلہ کمایا جائے ۔

سید قائم علی شاہ نے محکمہ زراعت کے سیکریٹری کو کہا کہ کھجور اور آم کی فصل کی فروخت میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں اور آبادگاروں کو سہولیات فراہم کریں انہوں نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ اجوا کھجی خیرپور میں پیدا ہوسکتی ہے جس کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا ہے جس کے کھانے میں شفا ہے انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں سندھ حکومت نے آم پر خصوصی توجہ دی ہے خیرپور میں جئی جنس متعارف کرنے کی ضرورت ہے اس سے قبل سیکریٹری زراعت ساجد جمال ابڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور کی زراعت اور کھجور کی صنعت کو مرنے نہیں دیں گے آبادگار حکومت کا ساتھ دیں اور ٹشو کلچر کو اپنائیں انہوں نے کہا کہ ٹشو کلچر کے ذریعے 40 ہزار ٹشو کلچر کی کھجیاں آبادگاروں میں مفت تقسیم کی جائیں گی جبکہ کراچی کی طرز پر اکنامک زون پروسینگ زون قائم کیا جائے گا جہاں ایکسپورٹرآکر آبادگاروں کو ڈسپلے سنیٹر میں پروڈکس خرید نے میں آسانی ہوگی انہوں نے کہا کہ کھجور کے نرخ مقرر کرنے کے لیے ملنے والی سفارشوں پر وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی جائے گی ۔

سیمینار سے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور اسپیشل اکنامل زون میں چینی سرمایہ کاروں نے کام شروع کردیا ہے آئندہ ماہ میں تمام پلاٹ فروخت ہونے کی توقع ہے ۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نواز سوہو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھجی کی ترقی کے لیے کوآپریٹو سوسائٹی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آبادگار پیکنگ، پروسینگ اور مارکیٹنگ ایک جگہ کرسکیں اور ایکسپورٹ میں آسانی ہوسکے انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کا 25 فیصد زراعت ہے ویلیو ایٹیڈ کی طرف توجہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر سیمینار سے کھجور کے آبادگار رئیس غلام قاسم جسکانی، صدرالدین پھلپوٹو، اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین سید امجد علی شاہ، ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر، ڈی جی ایگریکلچر ہدایت اللہ چھجڑو ، مظہر خان، لال بخش منگی ، غلام حسین مغل ، امام ڈنو ملاح اور دیگر موجود تھے ۔ اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہید بینظیر بھٹو اوپن ائیر تھیٹر میں نویں کھجور نمائش اور سیمینار کا افتتاح کیا بعد ازاں نمائش میں مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور اپنی خاص توجہ اور خیالات کا اظہار کیا ۔