پاکستان ریلویزمیں ری سٹرکچرنگ کو یقینی بناتے ہوئے بے ضا بطگیوں ،موجود بے اطمینانی کو بھی ختم کرنا ہے ‘خواجہ سعد رفیق

پاکستان ریلویز کا چہرہ اور تعارف بدل رہا ہے ،اب اس کے ڈھانچے میں انقلابی تبدیلیوں کی بنیاد رکھی جارہی ہے‘وفاقی وزیر ریلوے

پیر 21 اگست 2017 23:32

پاکستان ریلویزمیں ری سٹرکچرنگ کو یقینی بناتے ہوئے بے ضا بطگیوں ،موجود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویزمیں ری سٹرکچرنگ کو یقینی بناتے ہوئے بے قاعدگیوں اور بے ضا بطگیوں کے ساتھ ساتھ سٹاف میں موجود بے اطمینانی کو بھی ختم کرنا ہے ، پاکستان ریلویز کوسوا سو برس پرانے خول سے باہر لانا اور تنظیم نو کرتے ہوئے مستقبل کی جدید ریلوے کے تقاضوں کو بھی مدِ نظر رکھنا ہے۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان ریلویز کی ری سڑکچرنگ کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ غیرضروری طور پر پیداکی گئی کیٹیگری کی تعداد کو بھی جائز اور منطقی بنایا جائے۔ ہیومن ریسورس کے جدید ضابطوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہر ملازم کی جاب ڈسکرپشن واضح کی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز کو بریفنگ دیتے ہوئے ری سٹرکچرنگ کمیٹی کے کنوئنیر مقصودالنبی نے بتایا کہ درست سمت میں کام شروع کردیاگیاہے ، ہرڈیپارٹمنٹ سے ایک اعلی افسر کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ڈیٹا کلیکشن کو مکمل کیا جارہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز کا چہرہ اور تعارف بدل رہا ہے اور اب اس کے ڈھانچے میں انقلابی تبدیلیوں کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی جدید تقاضوں کے مطابق تنظیمِ نو کاکام جلدازجلد مکمل کیاجائے اور اس سلسلے میں خیال رکھا جائے کہ کسی بھی کیٹیگریز اور کسی بھی ملازم کے حقوق متاثر نہ ہوں تاکہ وہ اپنے فرائض کی بجاآوری پوری دیانت ، لگن اور تندہی سے کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ ریلوے میں محنت سے کام کرنے والے کارکن ہمارے سرکاتاج ہیں اور ہم ان کے مفادات کے محافظ ہیں مگر کام چور اوربددیانت افراد کو کسی بھی شعبے میں برداشت نہیں کیاجاسکتا ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمد جاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصرباللہ خان، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید ، قائم مقام ممبرفنانس ڈاکٹرسعید احمد ، ڈی جی لیگل طاہر پرویز اور سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک سمیت دیگراعلی افسران نے شرکت کی۔