اداروں کے نام پر عمارتیں کھڑی کرنا آسان ہے مگر اداروں کو نتائج دینے کے قابل بنانامشکل کام ہے،پرویزخٹک

صوبائی حکومت ماضی کے تباہ حال اداروں کو سہولیات دے کر نتائج دینے کے قابل بنا یا ہے، عوام سے کئے گئے تبدیلی کے وعدے کے مطابق گزشتہ چارسالوں سے ایسے نظام کیلئے کوشاں ہیں جس میں عوام کیلئے آسانیاں ہوں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 21 اگست 2017 23:15

اداروں کے نام پر عمارتیں کھڑی کرنا آسان ہے مگر اداروں کو نتائج دینے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اداروں کے نام پر عمارتیں کھڑی کرنا آسان ہے مگر اداروں کو نتائج دینے کے قابل بنانا اور اُن سے نتائج لینا ایک مشکل کام ہے۔صوبائی حکومت ماضی کے تباہ حال اداروں کو سہولیات دے کر نتائج دینے کے قابل بنا یا ہے۔ عوام سے کئے گئے تبدیلی کے وعدے کے مطابق گزشتہ چارسالوں سے ایسے نظام کیلئے کوشاں ہیں جس میں عوام کیلئے آسانیاں ہوں۔

تحریک انصاف کا ویژن ہے کہ وسائل انسانی ترقی پر خرچ ہونے چاہئیں جو لوگ دولت کو اپنا ایمان بنا لیتے ہیں وہ ملک وقوم اور اداروں کی تباہی کا سبب بنتے ہیںاور بدقسمتی سے پاکستان میں یہی کچھ ہوتا آیا ہے۔ تحریک انصاف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ دولت پرست مافیا کے خلاف عملی جدوجہد کی ہے جس کے نتائج برآمد ہونے شروع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بانڈہ ملاحان یونین کونسل کروی ضلع نوشہرہ میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ضلع ناظم لیاقت خٹک ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، اسحاق خٹک اور دیگر مقامی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی یونین کونسل کروی کے صدر ناظم ویلج کونسل ملک سکندر خان اور کسان کونسل ارشد خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور تحریک انصاف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں میں بنیادی فرق یہی ہے کہ پی ٹی آئی غریب عوام کا سوچتی ہے جبکہ مخالفین ذاتی مفادات پر مبنی سیاست کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اداروں کی تباہی کا سبب بھی یہی مافیا ہے جس نے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے اداروں پر سیاست کی اور غریب عوام کا نہ سوچا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل کا حل اور اُن کو سہولیات کی فراہمی کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے۔

یہ عوام پر احسان نہیں ہے بلکہ اُن کا حق ہے ۔صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوامی فلاح کی سکیموں پر کام کر رہی ہے مگر ہماری اولین ترجیح نظام کی تبدیلی تھی جس کیلئے گزشتہ چار سالوں سے مربوط جدوجہد کی ہے ۔پولیس، صحت اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں اصلاحات کی گئی ہیںاور عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔عوام کو درپیش مسائل پر گہری نظر ہے اور تمام اضلاع میں ہر سطح پر کام شروع ہے۔

ہم عوام کیلئے آسانیاں پید اکرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بد قسمتی سے ماضی میں صحت اور تعلیم کے شعبے بھی حکمرانوں کی توجہ حاصل نہیں کرسکے۔موجودہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری علاج کی فراہمی اور تعلیم کے یکساں مواقع دینے کیلئے اربوں پر خرچ کر رہی ہے۔صوبے کی پولیس سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے بااختیار ادارہ بنادیا گیا ہے۔اب تھانوں میں عوام کو عزت اور انصاف ملتا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وادی پشاور اور نوشہرہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ بنانا اُن کا خواب تھا سابقہ دور میں انہوںنے حیدر ہوتی اور آصف علی زرداری سے کہاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دریائے کابل پر پشتے تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے مگر اُنہیں اس طرف توجہ دینے کی توفیق نہ ہوئی۔ اب قدرت نے موقع دیا تو15 ارب روپے کی لاگت سے دریائے کابل کے دونوں اطراف پر حفاظتی پشتے تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اکوڑہ خٹک تک نوشہرہ سیلاب سے محفوظ ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :