حکومت پنجاب کی ہدایت پر پھل کی مکھی کے تدارک کے لئے ہفتہ آگاہی مہم کا آغاز

پیر 21 اگست 2017 23:13

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پھل کی مکھی کے تدارک کے لئے ہفتہ آگاہی مہم کا آغاز ہوگیا ہے ۔اس ضمن میں آگاہی سیمینار ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے لائبریری ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر افضل وڑائچ،ماہرین دلبر حسین،ملک محسن عباس،فیلڈ اسسٹنٹس اور پھلوں کے ترقی پسند کاشتکار موجود تھے۔

ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کینو، آم اورامرود کے باغات میں پھل کی مکھی کے کنٹرول کے لئے چار سالہ منصوبہ شروع کیا ہے جس میں غیر روایتی طریقوں سے پھل کی مکھی کے کنٹرول کے لئے لوازمات رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے ہفتہ آگاہی مہم بڑی اہمیت کی حامل ہے لہذا کاشتکار مکھی کے کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت(توسیع) کی سفارشات پر عمل کرکے اپنی اورملک کی پیداوار میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

ماہرین ڈاکٹر دلبر حسین اور ملک محسن عباس نے کہا کہ پھل کی مکھی انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو آم،امرود اورکینوکی پیداوار میں 30فیصد کمی کاباعث ہے۔انہوں نے کہا کہ کلچرل کنٹرول،طبعی کنٹرول اور حیاتیاتی کنٹرول سے اسے روکا جاسکتا ہے جبکہ زرعی زہروں کے بے دریغ استعمال سے ہرممکن حد تک بچا جائے۔انہوں نے کہا کہ مکھی کے حملے کے باعث گرنے والے پھل کوزمین میں دبادیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر افضل وڑائچ نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور جدید طریقہ انسداد پر ہی عمل کریں۔ہفتہ آگاہی مہم برائے تدارک پھل کی مکھی 26۔اگست تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :