وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آمد پر اراکین نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا

سینیٹ کے اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کرتا رہونگا ،ْوزیر اعظم وزیر اعظم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ،ْ چیئر مین سینیٹ رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا خیر مقدم

پیر 21 اگست 2017 23:10

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آمد پر اراکین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سینیٹ میں آمد پر اراکین نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا جبکہ چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی اورسینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔ پیر کو سینٹ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔

ایوان میں آمد پر ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سینٹ کے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی توجہ رول 61 کی طرف دلاتے ہیں جو عوامی اہمیت کے مفاد کے معاملات پر وزیراعظم کے جواب سے متعلق ہے جس میں وزیراعظم کو ہفتے میں ایک دفعہ ایوان میں آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے پر تحریک التواء ایجنڈے میں آرہی ہے اس پر امید ہے کہ وزیراعظم ان کیمرہ بریفنگ دیں گے۔ سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایوان بالا میں کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں‘ امید ہے وہ ایوان بالا کو ایوان وفاق کی حیثیت سے اہمیت دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان کا وقار ہی اس وجہ سے بنتا ہے کہ قائد ایوان کی نشست پر وزیراعظم خود بیٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا آئین اور قانون میں ایک منفرد مقام ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ایوان بالا کے اجلاسوں میں شرکت کرکے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ سینٹ کے اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کرتے رہیں گے اور کسی بھی معاملے پر وہ اپنا کردار اور اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ ایوان بالا کے اجلاس میں باقاعدگی سے شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان نے ریکوڈک کے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے‘ کسی بھی معاملے پر اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنا کردار اور اپنی خدمات پیش کریں گے۔بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی ان کی آمد پر اراکین نے ڈیسک بجاکر خیر مقدم کیا ۔