تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو خط ، امریکی کانگریس کے رکن کی الطاف حسین سے مبینہ ملاقات پر شدید احتجاج

بطور پاکستانی ہمارے لیئے امریکی سیاستدان کی ایک بین الاقوامی دہشت گرد اور جرائم پیشہ مافیا کے ڈان سے ملاقات باعث تشویش ہے، علی زیدی کا مراسلے میں موقف

پیر 21 اگست 2017 23:05

تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو خط ، امریکی کانگریس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) امریکی کانگرس کے رکن کی الطاف حسین سے مبینہ ملاقات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما علی زیدی نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو مراسلہ ارسال کردیا۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے مراسلے میں لکھا کہ بطور پاکستانی ہمارے لیئے امریکی سیاستدان کی ایک بین الاقوامی دہشت گرد اور جرائم پیشہ مافیا کے ڈان سے ملاقات باعث تشویش ہے۔

امریکی سفیر کے علم میں ہے کہ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی الطاف حسین سے مکمل لاتعلقی کا واضح اظہار کر چکے ہیں۔ علی زیدی نے مراسلے میں یہ بھی لکھا کہ الطاف حسین تسلسل سے پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف اشتعال انگیز لب و لہجہ اختیار کرتے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک امریکی عدالت بھی الطاف حسین کو دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ اس تناظر میں کسی امریکی سیاستدان کی الطاف حسین سے ملاقات کس حد تک درست ہے۔

اگرہماری سیاسی یا عسکری قیادت میں سے کوئی فرد آپ کی نظر میں دہشت گرد قرار دیے جانے والے فرد سے ملاقات کرے تو آپ کا کیا ردعمل ہوگا۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ مگر اس کے باوجود امریکی سیاسی قیادت میں سے فرد بین الاقوامی سطح کے ایک دہشت گرد سے ملاقات مناسب سمجھتا ہے۔آپ کا یہ دہرا معیار پاکستانیوں بالخصوص کراچی کے باسیوں لیئے انتہائی تکلیف اور تشویش کا باعث ہے۔پاکستان اور امریکہ کم وبیش دو دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف باہم حلیف ہیں۔ آپ کے سیاسی زعماء کا یہ رویہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے قطعی طور پر صحتمندانہ اور دانشمندانہ نہیں۔