تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ،این اے 120 میں ضمنی انتخابات سمیت ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

برسوں سیاست کی خاک چھاننے والے کب بالغ النظری اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے، مؤثر حکومت اور وسیع القلبی سیکھنے کیلئے پنجاب اور سندھ کے حکمران پختونخوا سے سیکھیں، عدلیہ کی تعظیم قانون کے تابع ہر فرد اور ادارے پر واجب ہے، تحریک انصاف فریقین کو قانون کی تکریم اور بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیتی ہے ،معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کی جانب لیکر جایا جائے، تحریک انصاف کا مطالبہ

پیر 21 اگست 2017 23:01

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ،این اے 120 میں ضمنی انتخابات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے کہاہے کہ برسوں سیاست کی خاک چھاننے والے کب بالغ النظری اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے، مؤثر حکومت اور وسیع القلبی سیکھنے کیلئے پنجاب اور سندھ کے حکمران پختونخوا سے سیکھیں، عدلیہ کی تعظیم قانون کے تابع ہر فرد اور ادارے پر واجب ہے، تحریک انصاف فریقین کو قانون کی تکریم اور بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیتی ہے ،معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کی جانب لیکر جایا جائے۔

پیر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔چیئرمین عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی۔کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے مرکزی قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی جانے والی خبر کے مطابق اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اوراین اے 120 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور ضمنی انتخابات کے نوٹیفکیشن میں غیر منطقی نکات کی نشاندہی کی گئی۔ اورالیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعت کے قائد پر انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی کو بلاجواز قرار دیا گیا۔ اجلاس مین قائدیں نے اس بات اتفاق کیا کہ حزب اختلاف کی جماعت کے قائد کو عوام میں جانے سے روکنے کا فیصلہ بے معنی اور ناقابل فہم ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف پر این اے 120 کی انتخابی مہم میں شرکت پر لگائی گئی قدغن کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ راجن پور سے اغواء شدہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پختونخوا پولیس کی خدمات پنجاب حکومت کوفراہم کرنے کی پیشکش کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس مین یہ بات بھی زیر بحث رہی کہ نون لیگ کی جانب سے مسلسل سیاسی مداخلت کے ذریعے پنجاب میں پولیس پیشہ وارانہ طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

اجلاس میں سندھ حکومت اور سکھر انتظامیہ کہ جانب سے 25 اگست کے جلسے کیخلاف اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ۔اجلاس مکے شرکا کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے جلسے میں رکاوٹیں حواس باختگی کی علامت ہیں۔پختونخوا میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوئی رخنہ اندازی نہیں کی گئی۔برسوں سیاست کی خاک چھاننے والے کب بالغ نظری اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے۔

مؤثر حکومت اور وسیع القلبی سیکھنے کیلئے پنجاب اور سندھ کے حکمران پختونخوا سے سیکھیں۔عدلیہ کی تعظیم قانون کے تابع ہر فرد اور ادارے پر واجب ہے۔اجلاس مین یہ موقف اپنایا گیا کہ تحریک انصاف فریقین کو قانون کی تکریم اور بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیتی ہے۔معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کی جانب لیکر جایا جائے۔