فورنزک سائنس لیبارٹری تفتیش کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،آئی جی صلاح الدین محسود

پیر 21 اگست 2017 22:39

فورنزک سائنس لیبارٹری تفتیش کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے کہاہے کہ فورنزک سائنس لیبارٹری تفتیش کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو کہ پولیس کی کارکردگی پر عدالت کا اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے فورنزک سائنس لیبارٹری پشاور (حیات آباد)کے دورے کے موقع پر لیبارٹری کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر ایف ایس ایل نے نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے آئی جی پی کو یونٹ کی کارکردگی، آپ گریڈیشن، ٹریننگ ، نفری اور اوزار کی کمی اور قلیل المیعاد اور طویل المیعاد منصوبوں وغیرہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ لیبارٹری میں بین الاقوامی معیار کے تفتیشی اُصولوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یونٹ میں اس وقت کوئی کیس زیر التواء نہیں تمام 4500 کیسز نمٹا کر متعلقہ اضلاع کو بھیجوا دیئے گئے ہیں۔

آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ کرائم سین کو محفوظ بنانے کے لیے جدید طریقہ اپنایا جارہا ہے۔ یونٹ کا تمام عملہ تندہی سے فرائض سرانجام دے رہا ہے اور گلگت بلتستان پولیس کے علاوہ نیب، نارکاٹکس، ایکسائز اور کسٹم کے محکمے بھی لیبارٹری کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ صوبے کے 8 اضلاع میں کرائم سین یونٹ بنائے گئے ہیں۔ اور ان کرائم سین کے لیے ماہر انوسٹی گیشن آفیسر بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

آئی جی پی نے لیبارٹری کے اہلکاروںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افرادی قوت اور ضروری آلات کی کمی کے باوجود لیبارٹری کی کارکردگی اور کامیابیاں دیگر صوبوں کے لیے مشعل راہ کا کام کرتی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ ایف ایس ایل کی اہمیت اور کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو مزید وسعت دی جائیگی اور لیبارٹری اور اس کے عملے کو درپیش سرکاری و ذاتی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

اور اس کو سٹیٹ آف دی آرٹ (State of the Art)لیبارٹری بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل اور کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ آئی جی پی لیبارٹری کے مختلف حصوں میں بھی گئے جہاں پر وہ ڈیوٹی سرانجام دینے والے اہلکاروں سے ملے اور اُن سے اُن کے فرائض کی نوعیت اور اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجرکے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اور انہیں شواہد کو محفوظ بنانے کے لیے موثر اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی۔آئی جی پی نے اچھی کارکردگی پر لیبارٹری کے عملے کے لیے تین لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ جبکہ اس موقع پر چند اہلکاروںمیں توصیفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔