اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایم سی آئی اور سی ڈی اے ایک مربوط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیںجس کے تحت اسلام آباد کی مختلف بڑی شاہرائوں کو بڑھتے ہوئے ٹریفک دبائو کے پیشِ نظر کشادہ کیا جا رہاہے ،

یہ شاہراہیں مستقبل میں بھی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کر سکیںگی میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کا اتاترک ایونیو کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 21 اگست 2017 22:16

اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اورکیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) ایک مربوط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت اسلام آباد کی مختلف بڑی شاہرائوں کو ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیشِ نظر نہ صرف کشادہ کیا جا رہاہے بلکہ ان شاہرائوں کی کشادگی میں اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ یہ شاہراھیں مستقبل میں بھی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کر سکیں ۔

وہ بروز پیر اسلام آباد میں اتاترک ایونیو کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کے تعمیراتی کام کے آغاز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ اسد محبوب کیانی کے علاوہ ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجو د تھے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت نئے میگا پراجیکٹس کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، پاک سیکرٹریٹ، پارلیمنٹ ہائوس اور ریڈ زون تک رسائی کے لیے اتا ترک ایونیو پر ٹریفک کا بہت رش تھا جس کی وجہ سے اس اہم شاہراہ کو دو رویہ کرنے کا یہ منصوبہ شروع کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 235 ملین روپے لاگت آئے گی اور اسے ایک سال میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم انہوں نے ممبر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر اسے مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے ممبر انجینئرنگ کو یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبے کو عالمی معیار کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے اور انہیں اس منصوبے پر ہونے والے کام سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ اس موقع پر میئر اسلا م آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 518 ملین روپے لگایا گیا تاہم اسے 235 ملین روپے میں مکمل کیا جائے گا۔

انہیں بتایا گیا کہ اتاترک(ویسٹ) ایمبیسی روڈ کو خیابان سہروردی سے خیابانِ مارگلہ (ایوب چوک) تک دو رویہ کیا جائے گا۔ دونوں اطراف میں دو دو لین تعمیر کی جارہی ہیں جن کی چوڑائی 24 فٹ رکھی گئی ہے جبکہ 9 فٹ کے شولڈرز کی تعمیر بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔2.68 کلو میٹر طویل اس شاہراہ پر ایک پل تعمیر کرنے کے علاوہ دو باکس کلورٹ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔

اس منصوبے میں شاہراہ کے اطراف حفاظتی دیواروں کی تعمیر کے ساتھ بارشی پانی کی نکاسی کا سسٹم بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس شاہراہ پر سائن بورڈز، لین مارکنگ اور دیگر تعمیراتی کام بھی مکمل کیا جائے گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ممبر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ دارالحکومت کے شہریوں کو جدید سہولت میسر ہو سکے اور اس شاہراہ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :