شیرزمان قریشی کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف وکلاء احتجاج پر پولیس کی کارروائی قابل مذمت ہے،بنچ اور بار کے درمیان کشیدگی تشویش ناک ہے،معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کا مذمتی بیان

پیر 21 اگست 2017 22:58

شیرزمان قریشی کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف وکلاء  احتجاج پر پولیس کی کارروائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سینئروکیل ہائی کورٹ شیرزمان قریشی کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف وکلاء برادری کے پُرامن احتجاج پر پولیس کی جانب سے پُرتشددکارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔بنچ اور بار کے درمیان کشیدگی تشویش ناک ہے۔اس سے عوام میں غلط پیغام جائے گا۔

معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے،قانون کا احترام ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے،بصورت دیگر انتشار اور افراتفری پھیلے گی، پولیس کی طرف سے وکلاء برادری پر آنسوگیس کی شیلنگ واٹرکینن اور لاٹھی چارج نے ڈکٹیٹرمشرف کے دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ بروز پیر انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ احتجاج جمہوریت کاحسن ہوتاہے مگر اشتعال انگیزی سے معاشرے میں انارکی بڑھتی ہے،جسٹس قاسم سے سینئروکیل ہائی کورٹ شیرزمان قریشی کی تلخ کلامی کے بعد فل بنچ نے ان کی گرفتاری کاحکم دیا تھا جس کے خلاف وکلاء احتجاج کررہے تھے،پولیس کی جانب سے روایتی طرزعمل کو اختیار کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشرکیاگیا جس کے باعث سیکرٹری ہائی کورٹ بارلاہور عامر سعیدراں سمیت متعدد کلاء زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدلیہ ایک معززادارہ ہے جس سے عوامی توقعات وابستہ ہیں۔پاناماکیس کے فیصلے کے بعد اس کی توقیر میں اضافہ ہواہے۔اسے کسی بھی شخصیت کی خاطر قربان نہیں کیاجاسکتا۔دنیامیں وہی قومیں بلند وبالامقام حاصل کرتی ہیں جو عدالتوں کا احترام کرتی ہیں۔جماعت اسلامی ملک میں بنچ اور بار کے درمیان خوشگوار تعلقات کی خواہش مند ہے اور امید کرتی ہے کہ اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ احترام کاسلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہنگامہ آرائی کا ارتکاب کرنے والے افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :