اسلام آباد میںمنعقدہ سیمینار میں شہید کشمیری رہنما شیخ عزیز کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا

تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ

پیر 21 اگست 2017 21:44

اسلام آباد میںمنعقدہ سیمینار میں شہید کشمیری رہنما شیخ عزیز کوشاندار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج ا سلام آباد پریس کلب میں منعقدہ ایک سمینار کے مقررین نے کشمیر کاز کے لیے شاندار خدمات پر سینئر حریت رہنما شہیدشیخ عبدالعزیزکو خراج عقیدت پیش کیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008ء کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموںکے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔

سیمینار میں متفقہ طور پر ایک قراردادمنظور کی گئی جس میں کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت اورمقبوضہ کشمیر میں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے ان مکروہ عزائم کی مذمت کی گئی جن میں بھارتی آئین کے دفعہ 370اور 35-A کو منسوخ کرنے، کشمیر میںآبادی کے تناسب کو تبدیل اورکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنے کی کوششیں، کالے قوانین اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز تسلط کو برقرارکھنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ جموںوکشمیر اور پاکستان کے عوام بھارت کے ان مذموم عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ قرار داد میں عزم ظاہر کیا گیا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی ہر صورت میں جاری رکھیں گے ۔قرارداد میں آزادی کے عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دینے پر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیااوربھارتی حکومت کی طرف سے مختلف بہانو ں سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ ختم کرنے کی مذمت کی گئی ۔

قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مقبوضہ علاقے میں استصواب رائے کا انعقاد کیاجائے ۔ قرارداد میں کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی حالیہ جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔سمینار کے شرکاء نے حریت رہنمائوں کو جیلوں اورگھروں میں نظربند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں حقوق انسانی کی پامالیوں کا سخت نوٹس لے۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی فوجی جار حیت اور کالے قوانین کے خاتمے اورمسئلہ کشمیر کو حل کر نے میں اپنا عملی کردار ادا کرے۔ سیمینار سے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا، حریت رہنمائوں غلام محمد صفی، سید فیض نقشندی، محمدیعقوب شیخ، شیخ تجمل الاسلام ،محمد فاروق رحمانی، اعجاز رحمانی ،راجہ نجابت اوردیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :