صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صحت کی بہترین خدمات فراہم کررہی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

نجی شراکت داروں کے بالخصوص بجٹ کے حوالے سے زیر التوا تمام مسائل کو حل کیاجائے، سید مراد علی شاہ کی محکمہ صحت کو ہدایت

پیر 21 اگست 2017 21:31

صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صحت کی بہترین خدمات فراہم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صحت کی بہترین خدمات فراہم کررہی ہے ،لہذا پی پی پی موڈ کے سلسلے میں حائل تمام مسائل کا تدارک کرکے اسے مضبوط اور مستحکم بنانا ہے ۔ انہوں نے یہ بات انہوں نے پیرکو صوبے میں پی پی پی موڈ کے تحت شرو ع کی گئی صحت کی خدمات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر اعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری صحت فضل پیچوہو، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال بدین جو کہ انڈس ہسپتال کی مینجمنٹ کو دیاگیاتھا اور وہ اسے بہترین طریقے سے چلارہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل پیچو ہو نے کہا کہ 111صحت کی سہولیات کا صحت کی خدمات میں اضافہ کیاگیاہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت نجی شراکت کے تحت کامیابی کے ساتھ صحت کی خدمات فراہم کررہی ہے لہذا مزید بہتر نظام وضع کیاجائے تاکہ اس شراکت کو سندھ کے لوگوں کے لیے مزید فائدہ مند بنایا جاسکے۔ وزیر اعلی سندھ نے محکمہ صحت اور خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ نجی شراکت داروں کے بالخصوص بجٹ کے حوالے سے زیر التوا تمام مسائل کو حل کریں۔ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے ڈی ایچ کیو بدین کو ویٹنگ ایریاز، واش رومز کی تعمیر اور وزیٹرز اور مریضوں کے لیے دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے 354ملین روپے جاری کیے ہیں۔

سندھ حکومت سجاول اور ٹھٹھہ میں امن فائونڈیشن کی شراکت کے تحت پیپلزایمبولینس سروس چلارہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے بدین اور ٹنڈو محمد خان اضلاع کے لیے ایمبولینس سروس کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلی سندھ نے صوبائی وزیر صحت کو ہدایت کی کہ وہ ایچ آئی ایس کے تحت چلنے والی 111 صحت کی سہولیات کا جائزہ لیں اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے متعلق انہیں رپورٹ پیش کریں۔ یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ محکمہ صحت نجی شراکت داروں کو ان کی خدمات میں توسیع کے حوالے سے تمام تر سہولیات فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :