Live Updates

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت

اربوں روپے کی پیشکش کے الزام پر جواب جمع نہ کرانے پر تحریک انصاف کے سربراہ کو دوبارہ نوٹس ،29ستمبر تک جواب طلب شہبازشریف کی کردارکشی کرنے پر عمران خان کے خلاف 10ارب ہرجانے کی ڈگری جاری کی جائے‘ درخواست میں استدعا

پیر 21 اگست 2017 21:31

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانہ کیس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی طرف سے پاناما سکینڈل میں اربوں روپے کی پیشکش کا الزام عائد کرنے پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں 10ارب روپے ہرجانے کی درخواست پر سماعت کی گئی۔جس کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے عدالت میں کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

عدالت نے عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 9ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان ابرار سید کی عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانے کی درخواست پر سماعت جاری رکھی۔ عدالت سے شہبازشریف کی کردار کشی کرنے پر عمران خان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے کی ڈگری کی استدعا کی گئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے پاناما پیپرز کے معاملے پر محمدشہبازشریف کی جانب سے 10ارب روپے کی پیشکش کاالزام عائد کیا تھا۔درخواست کے مطابق عمران خان نے شہبازشریف پر الزام عائد کر کے قوم کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی اور سیاسی مفادات کے حصول کے لئے شہبازشریف کی کردار کشی کا ارتکاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات