عرفان صدیقی کی زیرصدارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں اجلاس،نمائش کے انعقاد کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی

آزادی کے 70سالہ جشن کے موقع پر بین الاقوامی خطاطی نمائش اور کانفرنس جمعہ کو ہوگی چالیس ممالک کے عالمی شہرت یافتہ خطاطوں کے فن رکھے جائینگے عظیم اسلامی ورثہ کا تحفظ اور فروغ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے، مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی

پیر 21 اگست 2017 20:57

عرفان صدیقی کی زیرصدارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں اجلاس،نمائش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء) آزادی کے 70سالہ جشن کے موقع پر بین الاقوامی خطاطی نمائش اور کانفرنس جمعہ سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس میں چالیس ممالک کے عالمی شہرت یافتہ خطاطوں کے فن پاروں کی نمائش ہوگی۔ پیر کو وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیرصدارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن میں اجلاس میں نمائش کے انعقاد کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔

عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی کی70سالہ جشن کے موقع پرمنعقدہ بین الاقوامی خطاطی نمائش اور کانفرنس میںترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک سے عالمی شہرت یافتہ خطاطوں اور اہل علم کی شرکت خطاطی کے عظیم اسلامی فن کے احیائ کا ایک موثرذریعہ بنے گی۔ اس عظیم اسلامی ورثہ کا تحفظ اور فروغ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی کانفرنس تنظیم (او۔آئی۔

سی) کے تحقیقی ادارہ برائے اسلامی تاریخ،فنون اور ثقافت (ارسیکا) اور قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن کے اشتراک سے اپنی نوعیت کی یہ اولین خطاطی نمائش 25 سے 28 اگست تک اسلام آباد میں ’’القلم‘‘ کے عنوان سے نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی۔این۔سی۔ای) میںمنعقد ہورہی ہے جس میں سیمینار اور آرٹ ورکشاپ کابھی انعقاد کیاجارہا ہے۔ پاکستان کے علاوہ10اسلامی ممالک کے عالمی شہرت یافتہ ممتاز خطاط نمائش میں شرکت کے لئے پاکستان آرہے ہیں۔

مجموعی طورپر تقریبا چالیس ممالک کے عالمی شہرت رکھنے والے خطاطوں کے فن پارے نمائش میں رکھے جائیں گے۔عرفان صدیقی نے کہاکہ بین الاقوامی خطاطی نمائش، سیمینار اور آرٹ ورکشاپ کے انعقاد سے اسلامی تاریخ، فنون اورثقافت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات سامنے آئیں گے اور اس فن سے وابستہ مقامی اور بین الاقوامی خطاطوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

مشیروزیراعظم نے ہدایت کی کہ کانفرنس میں اہل علم وفن کے افکار سے استفادہ کیاجائے تاکہ اس عظیم فن کے تحفظ اور فروغ کے لئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب ہوسکے۔انہوں نے پاکستان آنے والے مہمانوں کی پزیرائی کے سلسلے میں بہترین انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مشیر وزیراعظم کو اس موقع پر نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میںوفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹریز سید جنید اخلاق، کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی کے علاوہ نیشنل اوروزارت کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔۔۔۔ظفر ملکن

متعلقہ عنوان :