وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

اراکین ِپارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظمنوازشریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا

پیر 21 اگست 2017 20:57

وزیراعظم کی زیر صدارت  مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس
ْ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اراکین ِپارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بھرپور انداز میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کی پالیسیوں نے پاکستان کو اقتصادی و معاشی تباہی،بدترین لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کے دہانے سے نکال کر تر قی و خوشحالی او رامن و استحکام کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے۔ ملکی تاریخ میں توانائی کے شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ممکن بنا کر روشن پاکستان کی بنیاد رکھی ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے ذریعے پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت فراہم کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے خوشحال مستقبل، امن اور عوام کی حکمرانی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھے گی۔ سی پیک کے منصوبوں پر عمل درآمد بھرپور توانائیوں سے جاری رکھا جائے گا اور ان کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس محسوس کرتا ہے کہ چند مایوس سیاستدان جمہوری میدان میں پے در پے شکستوں سے مایوس ہو کرملک میں قومی اداروں میں محاذ آرائی کے ذریعے اپنے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اجلاس محسوس کرتا ہے کہ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کا مقابلہ صرف مضبوط جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقِ حاکمیت کے احترام کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کرکے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی کے لئے دیوارِ چین کا کردار ادا کرے گی اور آئندہ انتخابات میں انشائ اللہ اپنی کارکردگی اور عوامی خدامت کی بنا پر ملک کے چاروں صوبوں میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی-

متعلقہ عنوان :