Live Updates

سیاسی مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، اس لئے وہ تحریک انصاف کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈے پھیلا رہے ہیں،

عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اب ان نام نہاد پختون حقوق کے علمبردار وں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے،صوبائی وزیر کھیل محمود خان کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

پیر 21 اگست 2017 20:31

سیاسی مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل،ثقافت،میوزیم،امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اس لئے وہ پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے پھیلا رہے ہیں لیکن صوبے کے غیور عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اب وہ ان نام نہاد پختونوں کے حقوق کے علمبردار وں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

وہ بروز پیر موضع لابٹ مٹہ سوات میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اے این پی کے اہم کارکنوں محمد لائق،انور علی ،حضرت نبی،اختر علی،سمیع اللہ،عمر علی،حضرت خلیل،ذاکر، اکرام،فیض علی اور فضل معبود نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوںساتھیوں سمیت مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

محمود خان نے سیکشن فور لگانے کے حوالے سے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے سیکشن فو رلگانا متعلقہ محکمے اور ضلعی و مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس میں صوبائی وزیر یا ایم پی اے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد موقع پرست لوگ علاقے کی تعمیر و ترقی نہیں چاہتے لیکن ان کے گمراہ کن پروپیگنڈوں سے ترقیاتی منصوبے ہر گز متاثر نہیں ہوں گے اور پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کوشاں رہے گی اور آئندہ 2018کے انتخابات میں عوام ان نام نہاد سیاستدانوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کریں گے اور پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو پاکستان کا وزیر اعظم بنائیں گے۔

انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 4ارب روپے کی لاگت سے آبنوشی کے 24ٹیوب ویلز کی تنصیب اورایک ارب روپے کی لاگت سے باغ ڈھیری ایریگیشن سکیم کا عظیم منصوبہ جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا جس سی8ہزار ایکڑاراضی سیراب اور قابل کاشت ہوگی۔اس کے علاوہ حلقہ نیابت کے تقریباً تمام دیہاتوں کو بجلی کی سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں علاقے کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا مگر پی ٹی آئی حکومت نے حلقہ نیابت کو دیگر ترقیاتی حلقوں کے برابر لانے کے لئے 15۔ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے ہیں جن سے علاقے کی سابقہ محرومیوں کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی و خوشحالی کا انقلاب برپا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات