سبی شہر میں جاری ترقیاتی اسکیمات کو جلد مکمل کردیا جائے گا، حاجی محمد خان سیلاچی

پیر 21 اگست 2017 19:27

سبی۔21 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد خان سیلاچی نے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی اسکیمات کو جلد مکمل کردیا جائے گا،ترقیاتی اسکیمات کے معیار و مقدار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا،اسکیمات کی تکمیل کے بعد شہری براہ راست مستفید ہوں گے ،میونسپل کمیٹی محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں تک سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی اسکیمات کا معائنہ کرنے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چیئرمین حاجی محمد حیات رند،سپروائزر زاہد رسول بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں آباد تمام گنجان آبادی والے علاقوں کے مکینوں تک بنیادی سہولیات کی بہم فراہمی کو دستیاب وسائل میں یقینی بنایا جارہا ہے شہر میں سڑکوں کی تعمیر ،نکاسی آب کے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالیوں کی تعمیر ،مین نالے کی صفائی اور توسیع جیسے منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہری ان اسکیمات سے براہ راست مستفید ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا، تعمیراتی فرمز کے ایگزیکٹوز معیار و مقدار کو بہتر بنائیں تاکہ اسکیمات دیرپاء ثابت ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی سبی کے چیئرمین سردازادہ میر حیر بیار خان ڈومکی،وائس چیئرمین حاجی محمد حیات رند اور ان کی ٹیم شہریوں کے مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں کم کر نے لیے مربوط پالیسیاں مرتب دئے رہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں صحت وصفائی جیسے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے ۔اس ضمن میں عوام اور تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھ کر صحت مند معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔