انٹر نیشنل کر کٹ کی بہاریں لوٹ آئیں، ورلڈ الیون، سری لنکا اورویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی

ورلڈ الیون میںدنیائے کرکٹ کے 7ممالک کے 15کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی مگریہ دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہوگا، شہر قائد میں بھی میچز کرانے کی کوش کی جارہی ہے مگر وہاں پہلے پی ایس ایل کے ایک 2 میچز منعقد کیے جائیں گے ، بین الاقوامی ٹیموں کی خواہش ہے کہ پہلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد کروایا جائے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی پریس کانفرنس

پیر 21 اگست 2017 18:55

انٹر نیشنل کر کٹ کی بہاریں لوٹ آئیں، ورلڈ الیون، سری لنکا اورویسٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان کا متوقع دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں شامل 7 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 15 بین الاقوامی کرکٹرز نے دورہ پاکستان کیلئے مثبت جواب دے دیا۔دورہ پاکستان کے لیے انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے کھلاڑیوں نے ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے پر رضا مندی ظاہر کردی جبکہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں سے بات چیت جاری ہے، تاہم بھارت نے اپنے کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے انکار کردیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کرنا ان کا مقصد ہے اور ممکنہ طور پر سری لنکا اور ورلڈ الیون رواں برس پاکستان کا دورہ کرے گی۔

(جاری ہے)

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں شامل7ممالک سے تعلق رکھنے والے 15بین الاقوامی کرکٹرز پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ مینیجر و کوچ اینڈی فلاور نے متوقع کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے جبکہ ورلڈ الیون میں13کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدوں پر دستخط ہوتے ہی ورلڈ الیون ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، ان میں سابق کیوی کپتان برینڈن مک کلم، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی، کیرون پولارڈ، ڈیرین براوو، انگلینڈ کے عادل رشید، بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال، زمبابوے کے سکندر رضا بٹ، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، عمران طاہر، افغانستان کے محمد نبی اور سری لنکا کے اپل تھرنگا شامل ہیں۔

چیئر مین پی سی بی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ورلڈ الیون 3 ٹی ٹوئنٹی سریز جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی، تاہم یہ دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہوگا۔کراچی میں بین الاقوامی میچ منعقد کرانے کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ شہر قائد میں بھی میچز کرانے کی کوش کی جارہی ہے لیکن اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ایک 2 میچز منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی سے ملاقاتیں کریں گے۔نجم سیٹھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بین الاقوامی ٹیموں کی خواہش ہے کہ پہلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد کروایا جائے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو پروفیشنل بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو منانا بہت مشکل کام تھا تاہم سری لنکن بورڈ نے دلیری سے فیصلہ لیا اور کہا ہم آئیں گے۔