نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون ‘ سری لنکا کے بعد نومبر میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی بھی خوشخبری سنا دی

آئندہ 72گھنٹے میں ورلڈ الیون کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائیگا،سپر لیگ کے ایک سے دو میچز کراچی میں بھی کرانے کی کوشش کی جائیگی آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم اگست کے آخری ہفتے پاکستان آئیگی ،فیقا سکیورٹی ٹیم کی رپورٹ کو تسلیم کرے گی ‘ چیئرمین پی سی بی کی پریس کانفرنس

پیر 21 اگست 2017 18:36

نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون ‘ سری لنکا کے بعد نومبر میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون اور سری لنکا کے بعد نومبر میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ سپر لیگ کے آئندہ سیزن کے ایک سے دو میچز کراچی میں بھی کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی ، آئندہ 72 گھنٹے میں ورلڈ الیون ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اولین ایجنڈا ہے ۔پہلے ہی بتا دیا تھا اور اب تصدیق کر رہے ہیں کہ ورلڈ الیون کی ٹیم ستمبر کے دوسرے ہفتے پاکستان آئے گی اور اگلے 72گھنٹے میں ٹیم کے سارے ناموں کااعلان کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اینڈی فلاور ٹیم کے مینیجر ہوں گے تاہم پابندی کیوجہ سے کھلاڑیوں کے نام نہیں بتا سکتا تاہم اس میں ٹاپ انٹر نیشنل کھلاڑی شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کے حوالے سے بھی معاملات آپ کے علم میں آچکے ہیں اور اکتوبر کے آخر میں جب متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ ، پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل کریں گے تو تین ٹی ٹونٹی میں سے ایک یا دو میچز لاہور میں کھیلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مصروف شیڈول کے باعث قومی ٹی ٹونٹی کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب ہم نومبر کے پہلے ہاف میں 4سے 19تاریخ تک اسے مکمل کریں گے ۔

اس کی وجہ ورلڈ الیون کی آمد کی حتمی تصدیق کا نہ ہونا جبکہ لاہور میں ایک ضمنی انتخاب بھی ہو رہا ہے اس کے علاوہ ہماری ٹیم نے متحدہ عرب امارا ت جانا ہے اور کیمپ بھی لگنے ہیں جس کی وجہ سے پروگرام خراب ہو گیا تھا اس کے لئے تبدیلی کرنا پڑی ۔ اس کے ساتھ کھلاڑیوں کو یہ سہولت مل گئی ہے کہ جو کیربئین لیگ یا کائونٹی میں کھیل رہے ہیں انہیں بھی اسے مکمل کرنے کا موقع مل جائے گا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنا کیمپ لگانا ہے اور اس کے بعد وہ واپس چلے جائیں اور پورا سی پی ایل کائونٹی کھیلیں ۔انہوںنے کہا کہ سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ویسٹ انڈیز کی نومبر کے آخری ہفتے میں پاکستان آئے گی ۔ستمبر ، اکتوبر اور نومبر بین الاقوامی کرکٹ ہو گی اور ہمیں امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے اور یہ آگے بڑھنے کا ایجنڈا ۔

ہم نے وعدہ کیا تھاکہ دروازہ کھولیں گے کھڑکیاں کھولیں گے اور بین الاقوامی ٹیم پاکستان آئیں گی ،یہ مشکل ٹاسک تھا لیکن ہم نے دنیا کو پاکستان کی عوام کے پر امن اور جذبے والی خواہشات پہنچائی ہیں جس کا ہمیں مثبت رد عمل ملنا شروع ہو گیا ہے ۔دعا کرتے ہیں کہ ہم نے سکیورٹی کا جو وعدہ کیا ہے اسے مکمل رکھیں او رکامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے کہا تھا کہ ہم ورلڈ الیون کے دورہ کے بعد آئیں گے ۔

پنجاب حکومت نے سگنل دیدیا ہے جبکہ اس ماہ کے آخر میں آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری بڑی خواہش ہے کہ کسی طریقے سے میچز لاہور سے شفٹ کر کے کراچی جائیں لیکن اس حوالے سے جس ٹیم سے بات کرتا ہوں تو انکار ہو جاتا ہے او ران کا کہنا ہوتا ہے کہ آپ پہلے کراچی میں پی ایس ایل کامیاب کر کے دکھائیں اس لئے یہ سوچا ہے کہ ہمیں بحث میں نہیں پڑنا چاہیے ٹیموں کو لاہور آنے دیں ۔

میں کراچی جائوں گا وہاں وزیر اعلیٰ ،کور کمانڈر اورڈی جی رینجرز کو ملوں گا اور ایک پراجیکٹ بنائوں کہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کے ا ایک دو میچز منعقد کرائیں تاکہ کراچی میں بین الاقوامی مقابلے ہو سکیں ۔انہوںنے کہا کہ میرا یہی ایجنڈا تھا کہ پی ایس ایل کو پاکستان لانا ہے ،بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لانا ہے ،گیم ڈویلپمنٹ اور فنڈ ریزنگ کرنی ہے ،پی سی بی کو پروفیشنلائز کرنا ہے او ریہ بہت بڑی ذمہ داریا ں ہیں ہم اس میں غفلت نہیں دکھا سکتے اور ہم اپنے وعدے پورے کریں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی نے تین سال کے لئے 1.2ملین ڈالر کا فنڈ بنایا ہے اس کے علاوہ سارے خرچے اور آمدنی ہماری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات کرتا تھا تو وہ کہتے تھے کہ کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن فیقا کو منائیں ۔ اب آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم آرہی ہے اور ان کے فیقا کے ساتھ تعلقات ہیں سکیورٹیم جو بھی رپورٹ دے گی فیقا اسے تسلیم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے ایک یا دو میچز کھیلنا کا کہنا ہے لیکن ہم انہیں کہیں گے کہ تین ہی کھیل لیں ۔ دروازے آہستہ آہستہ کھلیں گے ۔ سری لنکا کو منانا بہت مشکل کام تھا کیونکہ وہ سب سے زیادہ متاثر ہ ہے اور وہاں پر پاکستان کے دورے کے حوالے سے مخالفت بھی تھی لیکن سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دلیری کے ساتھ فیصلہ کیا ہے ہم آئیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر کہہ رہے ہیں کہ ٹریننگ کیمپ لگایا ہے اور کھلاڑیوں کو اس کا معلوم تھا لیکن اس کے درمیان ورلڈالیون کی ٹیم آ گئی لیکن اب ہم نے یہ مسئلہ ہی حل کر دیا ہے اور کھلاڑی واپس چلے جائیں گے ، میری سی پی ایل اور ویسٹ انڈیز سے بات ہو گئی ہے اور وہ بھی بہت خوش ہیں۔