محب وطن پاکستانی بنگالیوں سے ہونے والی زیادتیاں سمجھ سے بالاتر ہیں ،نثار کھوڑو

جن کے باپ دادا کے شناختی کارڈ ہے ان کی اولادوں کے کارڈ کو مشکوک بنانا یہ کہاں کا انصاف ہے،رہنما پیپلزپارٹی

پیر 21 اگست 2017 18:30

محب وطن پاکستانی بنگالیوں سے ہونے والی زیادتیاں سمجھ سے بالاتر ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ جن محب وطن پاکستانی بنگالیوں نے پاکستان کو اپنا گھر سمجھ کر پاکستان میں جینے مرنے کو ترجیح دی آج ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں سمجھ سے بالا تر ہے۔ جن کے باپ دادا کے شناختی کارڈ ہے ان کی اولادوں کے کارڈ کو مشکوک بنانا یہ کہاں کا انصاف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز اورنگی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ۔انہوںنے کہا کہ امریکہ میں تین سال رہنے والوں کو شہریت مل جاتی ہے لیکن یہاں جن کی تین نسلیں گزر گئیں اور جن کی پیدائش بھی یہاں کی ہے ان کی شہریت کو مشکوک بنانا زیادتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی محب وطن بنگالیوں کے ساتھ ہونے والی ہر زیادتی کا ازالہ کرے گی اور بلاول بھٹو کے شکل میں بنگالیوں کو اپنا حقوق دلا کر دم لیگی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی بھٹو کی جماعت ہے جو تمام محب وطن پاکستانیوں کی بات کرتی ہے اگرکوئی شر پسند اور تعصب پسند بھٹو شہیدکے فلسفہ اور نظریہ "پاکستانی عوام کو ان کے جائز حقوق دلانا" سے جلتا ہے تو ان کو جلنے دو۔ پاکستان پیپلز پارٹی مظلوموں کو اپنا حق ضرور دلائیگی۔ قائد و چیئرمین پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی شیخ محمد فیروز نے کہا ہے کہ ہم کسی سے شہریت نہیں مانگ رہے ہم تو انصاف مانگ رہے ہیں ، پاکستان بنانے والو ں کی اولادوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ چاہتے ہیں۔

ہم سے شہرت کی بات کرنا او رہمیں غیر ملکی کہنے والے احمقوں کی دنیا میں رہتے ہیں ہم وہ محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت کو فروغ دیا اب کراچی میں بسنے والی30 لاکھ سے زائد بنگلہ زبان بولنے والے محب وطن پاکستانیوں کا ایک ہی نظریہ ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن اور فلسفہ کو آگے بڑھانا ، وطن عزیز پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھانا ہے جو لوگ سندھیوں اور بنگالیوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنا چاہتے ہیں وہ نامراد اور ناکام ہوںگے، چونکہ بنگالیوں اور سندھیوں کا رشتہ اٹوٹ ہے۔

مشیر وزیر اعلیٰ سندھ راشد ربانی نے کہا کہ بنگالی محب وطن پاکستانی ہیں، بنگلہ زبان بولنے والے سندھ دھرتی کے باسی اور سچا اور پکا پاکستانی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی بنگالیوں کو بے یارو مدد گار نہیں چھوڑے گی یہ میرا وعدہ ہے ۔ رہنما پاکستان پیپلز پارٹی امان اللہ محسود نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام محب وطن پاکستانیوں کی جماعت ہے ۔

پیپلز پارٹی بنگالی بھائیوں کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔ پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے مرکزی کوآرڈینیٹر حافظ زین العابدین شاہ گوٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ،پاکستان کو ہمارے ابائو اجداد نے اپنی جانو ں اور ان گنت قربانیاں دے کر بنایا ہے ۔ پاکستان بنگالیوں کا قبرستان بن سکتا ہے لیکن محب وطن پاکستانی بنگالی کسی بھی قیمت پر پاکستان کو نہیں چھوڑیں گے چونکہ بنگلہ زبان بولنے والے پاکستان کے لئے جیتے اور پاکستان کے لئے مرتے ہیں۔

جلسہ عام سے پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر ذمہ داران، جنرل سیکریٹری سندھ پاکستان پیپلز پارٹی وقار مہدی اور صدر ڈسٹرکٹ ویسٹ لیاقت آسکانی، جنرل سیکریٹری علی احمد جان، آصف خان، مرکزی رہنما قادر خان مندو خیل ایڈوکیٹ ، مسرت عرفانی اور پاکستانی بنگالیز ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنمائوں ، سینئر وائس چیئرمین مولانا محمد رفیق الحسینی ، نور عالم شیخ ، ابوالحسین سونار ، حبیب الرحمن غنی، حاجی رزاق، حاجی نور محمد، زبیر ، سعید البشر ، محمد حسین و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بنگالی، بہاری، سندھی، بلوچی، پشتو ،اردو اور دیگر زبان بولنے والے سب مل کر پاکستان کو بھٹو کا پاکستان اور بلاول بھٹو کو 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان کا وزیر اعظم بنائیں گے۔