شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کا پارلیمانی اجلاس، نواز شریف کے حق میں قرار د

اد منظور قرار داد میں نواز شریف کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم، سابق وزیراعظم کی قیادت، سوچ اور پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، مسلم لیگ(ن) آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا،قرار داد

پیر 21 اگست 2017 17:30

شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کا پارلیمانی اجلاس، نواز شریف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی اجلاس میں قرار داد منظور کی گئی، قرار داد میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت، سوچ اور پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، قرار داد میں نواز شریف کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا، مسلم لیگ(ن) آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت، سوچ اور پالیسیوں کو خراج تحسین کی قرار داد منظور کی گئی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پارٹی پالیسیوں سے ملک کو اقتصادی تباہی، بدترین لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سے نکالا، نواز شریف کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

قرار داد میں کا گیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو خوشحالی و ترقی اور امن و استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ملکی تاریخ میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھی، سی پیک کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کی، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ چند سیاستدان جمہوری میدان میں پے درپے شکست سے مایوس ہو گئے ہیں، مایوس سیاستدان اداروں کے ٹکرائو سے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔

اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایسے عناصر کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مسلم لیگ(ن) خوشحال مستقبل، امن اور عوام کی حکمرانی کا سفر ہر قیمت پر جاری رکھے گی، چیلنجز کا مقابلہ مضبوط جمہوریت ، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حق حاکمیت کے احترام سے ممکن ہے، پاکستان نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کر کے بھاری رقم ادا کی، مسلم لیگ(ن) آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی، مسلم لیگ(ن) کارکردگی کی بنا پر آئندہ انتخابات میں چاروں صوبوں میں کامیاب ہو گی۔