ٹوائلٹ نہ بنانے پر عدالت سے خاتون کو طلاق کی اجازت

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 21 اگست 2017 16:56

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اگست2017ء):انڈیا کی ریاست راجستان میں ایک خاتون کو اس بات پر اپنے شوہر سے طلاق لینے کی اجازت دے دی گئی ہے کہ اُس کا شوہر اُن کے گھر میں رفع حاجت کے لیے ٹوائلٹ نہیں بنواتا تھا۔ بیس سال عمر کے لگ بھگ اس خاتون کی شادی کو تقریباً پانچ سال ہو چکے تھے اور انھیں رفع حاجت کے لیے قریبی کھیتوں میں جانا پڑتا تھا۔

انڈیا کے قانون میں خواتین کو طلاق لینے کا حق صرف چند ہی صورتوں میں ہوتا ہے جیسے گھریلو تشدد یا انتہا کا ظلم۔

(جاری ہے)

اس خاتون کے وکیل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ عدالت کا کہنا تھا کہ کھلے آسمان تلے رفع حاجت پر کسی کو مجبور کرنا تشدد کی ایک قسم ہے۔ خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا نے عدالت کے حوالے سے بتایا کہ 146ہم شراب، سگریٹ، اور موبائل فونوں پر خرچہ کرتے ہیں مگر اپنے خاندان کی عزت کے تحفظ کے لیے ٹوائلٹ بنانے کے لیے نہیں کرتے۔انڈین میڈیا کے مطابق اس خاتون نے طلاق کے لیے 2015 میں درخواست دی تھی۔بالآخرخاتون کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اسے شوہر سے طلاق کی اجازت دے دی گئی۔