اسلام کے نام پر پھیلائی جانے والی گمراہی آج مسلم امہ کیلئے مسائل پید اکر رہی ہے ‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام کا انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد سے کوئی تعلق نہیں ،نوجوان علماء کو اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کرنی ہو گی ‘پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین کا استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

پیر 21 اگست 2017 16:43

اسلام کے نام پر پھیلائی جانے والی گمراہی آج مسلم امہ کیلئے مسائل پید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) نوجوان علماء کو اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کرنی ہو گی ، اسلام کے نام پر پھیلائی جانے والی گمراہی آج مسلم امہ کیلئے مسائل پید اکر رہی ہے ، اسلام کا انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے ، علماء و مشائخ اور خطباء کو استحکام پاکستان کیلئے قیام پاکستان کی طرح کردار ادا کرنا ہے ، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی اور مولانا عثمان بیگ فاروقی کی پاکستان علماء کونسل میں شمولیت علماء کونسل کے پیغام کی مقبولیت کی دلیل ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے گاگا میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا عثمان بیگ فاروقی، صاحبزادہ عثمان جامی اور دیگر علماء نے پاکستان علماء کونسل میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام کے پیغام امن و اعتدال کو ہر سطح پر پہنچانا علماء اور امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے ، اسلام کے نام کے ساتھ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو منسوب کرنا قرآن و سنت کی تعلیمات کے خلاف ہے ، نوجوان نسل کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنا اور انہیں اسلام کے نام پر ابھرنے والے فتنوں سے بچانا علماء کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں علماء نے بھرپورکردار ادا کیا تھا اور استحکام پاکستان کیلئے بھی علماء بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد اسلام کی خدمت کر رہے ہیں ، اگر کوئی مدرسہ انتہاء پسندی یا دہشت گردی میں ملوث ہے تو حکومت کو اس کی نشاندہی کرنی چاہیے ، ممتاز عالم دین اور خطیب اور مبلغ مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا پیغام اعتدال و امن نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے ، پاکستان علماء کونسل میںشمولیت ایک اعزاز کی بات ہے اور وحدت امت ، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھر پور جدوجہد کریں گے ، مولانا عثمان بیگ فاروقی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد سے پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کا خوف دور ہوا ہے ، بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ وقت اور حالات کی ضرورت ہے ، اپنے مسلک عقیدہ اور دین پر رہتے ہوئے دوسرے عقائد اور مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مکالمہ کی اسلام نے اجازت دی ہے ، کانفرنس میں ایک قرار داد کے ذریعے 14 اگست کو برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی فضائیہ کی طرف سے پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام اور پاکستان سعودی عرب کے دفاع کی مضبوطی کا سبب بنے گی، کانفرنس سے مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا عبد اللہ رشیدی ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا عبد القیوم ، مولانا اسلام الدین ، مولانا قاری یونس، حافظ مبشر ، قاری خبیب ، صاحبزادہ قاسم اسامہ ، قاری قمرالدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :