بہار میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 253 ہو گئی،بھرپور امدادی کارروائیاں

ْتعلیمی سرگرمیاں معطل،کاروباربھی ٹھپ،لوگوں کو خوراک مہیا کی جارہی ہے،ریاستی حکومت کا بیان

پیر 21 اگست 2017 16:20

بہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اب تک اس میں مرنے والوں کی تعداد 253 ہو گئی ہے۔بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق سیلاب کی زد میں ریاست کے 18 اضلاع ہیں جبکہ تقریباً سوا کروڑ افراد اس سے متاثر ہوئے ۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بہار کے مشرقی ضلعے ارڑیہ میں سیلاب کے نتیجے میں سب سے زیادہ 57 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ سیتا مڑھی میں 31، مغربی چمارن میں29، کٹیہار میں 23 ، مشرقی چمپارن میں 19 جبکہ مدھوبنی، سپول اور مدھیہ پورہ اضلاع میں 13 ،13 افراد ہلاک ہو گئے ۔اس کے علاوہ، دربھنگہ، کشن گنج، پورنیہ، گوپال گنج، شیوہر، مظفرپور اور سہرسہ میں بھی اموات کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں تقریباً سوا چار لاکھ لوگوں کو 1358 ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے سیلاب زدہ اضلاع، مشرقی چمارن، سیتامڑھی، شیوہر، مظفرپور اور پٹنہ کا ہوائی دورہ کیا ۔ حکومت کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس کی 28 ٹیمیں جبکہ ریاست کی 16 ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور سینکڑوں کشتیوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا کام جاری ہے۔سوشل میڈیا پر بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر ہے اور کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس میں پل کے گرنے اور سڑک کے ٹوٹنے کے مناظر قید ہیں۔

شیوہر ضلعے کے اموا اوجھا ٹولہ میں قائم مڈل سکول کے ہیڈ ماسٹر ارشد ہارون قریشی نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہوئی ہیں اور ضلعے کے تقریباً تمام سکول میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔انھوں نے بتایا کہ شیوہر میں کچھ حد تک سیلاب کا پانی اتر رہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :