اسپاٹ فکسنگ کیس ،خالد لطیف نے تحریری جواب تیار کرلیا ،(آج )جمع کروائیں گے

پیر 21 اگست 2017 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے تحریری جواب تیار کرلیا جو آج (منگل) جمع کروائیں گے۔ذرائع کے مطابق معطل کرکٹر خالد لطیف کی جانب سے 2 بار مہلت طلب کرنے کے بعد بالآخر تحریری جواب جمع کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے تحریری جواب تیار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

جواب میں ایک بار پھر موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ ٹربیونل کی کارروائی جانبدار رہی ہے۔ ٹربیونل کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے گواہان سے جرح غیر قانونی ہے۔ ٹربیونل نے خالد لطیف کو پی سی بی کے گواہان سے جرح کی اجازت نہیں دی۔ذرائع کے مطابق جواب میں تحریر کیا گیا ہے کہ گواہان کے بیانات غیر تصدیق شدہ ہیں جس سے پی سی بی کا کیس کمزور ہوتا ہے۔ خالد لطیف بے گناہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد لطیف کا تحریری جواب ٹربیونل کی جانب سے دی گئی 22 اگست کی ڈیڈلائن سے قبل جمع کرادیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :