پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں نجی شعبے کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں ،حافظ محمد اویس

پاکستان میں جنگلات تیزی سے کم ہو رہے ہیں جو تشویشناک ہے۔ حکومت فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے، خالد ملک سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر

پیر 21 اگست 2017 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) سائوتھ پنجاب فارسٹری کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشن حافظ محمد اویس نے کہا کہ نجی شعبہ کیلئے جنوبی پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا وہ ان سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جنوبی پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تاجر برادری کو ایک پریزنٹیشن دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کے چار اضلاع یعنی بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور ڈی جی خان میں 90ہزارا ایکٹر سے زائد زمین جنگلات اگانے کیلئے مختص کی ہے جبکہ جنوبی پنجاب فارسٹ کمپنی سرمایہ کاروں کو محکمہ آبپاشی سے جنگلات کیلئے نہری پانی حاصل کرنے میں مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار مذکورہ اضلاع میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے 15سال تک مطلوبہ رقبہ لیز پر حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ان کو اپنی سرمایہ کاری پر عمدہ منافع حاصل ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے سے نئے درخت اگانے میں مدد ملے گی اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے راہ ہموار ہو گی۔ انہوںنے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاری کے ان منافع بخش مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ جنگلات اگا کر پاکستان کو ماحولیاتی لحاظ سے ایک پرکشش ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات تیزی سے کم ہو رہے ہیں جو معیشت کے مستقبل کیلئے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 1990میں ملک کے کل رقبے کا 3.3فیصد تھا جو 2015میں مزید کم ہو کر 1.9فیصد تک آ گیا ہے ۔

اس کے برعکس چین میں 2015میں جنگلات کا رقبہ اس کے کل رقبے کا 22فیصد اور انڈیا میں 23فیصد تھا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں جنگلات دیگر ممالک کے مقابلے میں کتنے کم ہیں جو پالیسی سازوں کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے نجی شعبے کو پرکشش مراعات فراہم کرے تا کہ جنگلات میں اضافہ ہونے سے پاکستان میں ماحول صحت افزاء ہو اور معیشت پائیدار ترقی حاصل کرے۔

انہوںنے پنجاب حکومت کی طرف سے جنگلات کے شعبہ میں پبلک اور پرائیویٹ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سائوتھ پنجاب فارسٹ کمپنی کے قیام کوسراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کمپنی پنجاب میں جنگلات کو بہتر کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر جو مراعات پیش کر رہی ہے چیمبران کو نجی شعبہ میں اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب نے سائوتھ پنجاب فارسٹ کمپنی کی طرف سے تاجر برادری کو پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرنے پر ڈائریکٹر آپریشن حافظ محمد اویش کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن جنگلات کا کٹائو جس تیزی سے جاری ہے وہ ملک کیلئے نقصاند ہ ہو سکتا ہے لہذا جنگلات میں اضافہ کرنا ملک کی اشد ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تا کہ جنگلات میں اضافہ ہونے سے ملک کیلئے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :